محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے آبپاشی کا شیڈول جاری کر دیا

لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے آبپاشی کا شیڈول جاری کر دیا۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کے لئے بروقت اور مناسب آبپاشی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے نہایت اہم ہے، آبپاشی کا وقت اس بات پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ گندم کی کاشت کس فصل کے بعد کی گئی ہے، اس کے علاوہ …

لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے آبپاشی کا شیڈول جاری کر دیا۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کے لئے بروقت اور مناسب آبپاشی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے نہایت اہم ہے، آبپاشی کا وقت اس بات پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ گندم کی کاشت کس فصل کے بعد کی گئی ہے، اس کے علاوہ پچھیتی کاشت گندم اور تھل کے علاقوں میں کاشتہ گندم کیلئے آبپاشی کا شیڈول موسمی حالات کے پیشِ نظر بنایا جاتا ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے سوموار کو جاری بیان میں کہا کہ کپاس مکئی اور گنے کی کاشت کے بعد گندم کی کاشتہ فصل میں پہلی آبپاشی شگوفے نکلتے وقت یعنی بوائی کے 20تا25 دن، دوسری آبپاشی گوبھ کے وقت 80تا90 دن اور تیسری آبپاشی دانہ بننے کی ابتدا یعنی بوائی کے 125تا130 دن کے بعد کی جانی چاہیے جبکہ دھان کی فصل کے بعد گندم کی کاشت کی صورت میں پہلی آبپاشی بوائی کے 35تا45دن، دوسری آبپاشی گوبھ کے وقت یعنی بوائی کے 80تا90 دن، اور تیسری آبپاشی بوائی کے 125تا130 دن کے بعد ضروری ہے،پچھیتی کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 25 تا30 دن بعد،دوسری آبپاشی70 تا80 دن بعد جبکہ تیسرا پانی بوائی کے110 تا115 دن بعد کرنی چاہیے۔

آبپاشی کا بروقت انتظام گندم کی افزائش کو یقینی بناتا ہے اور فصل کو موسمی تغیرات سے محفوظ رکھتا ہے، تھل کے علاقہ جات میں گندم کی فصل کو مقامی موسمی حالات کے پیشِ نظر پہلا پانی بوائی کے 20 تا25 دن بعد،دوسرا پانی فصل کی شاخیں نکلتے وقت یعنی بوائی سے 40 تا45 دن بعد،تیسرا پانی گوبھ کے وقت یعنی بوائی کے70 تا75 دن بعد، چوتھا پانی پھول بنتے وقت یعنی بوائی کے90 تا95 دن بعد،پانچواں پانی دانہ بنتے وقت یعنی بوائی کے110 تا115 دن بعد اور چھٹا پانی دانے بھرتے وقت یعنی بوائی کے130 تا135 دن بعد دینا چاہیے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موسمی حالات اور پانی کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے گندم کی فصل میں آبپاشی کا صحیح وقت منتخب کیا جائے تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے،پانی کی مناسب مقدار کے استعمال سے پیداواری لاگت میں کمی او رگندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتاہے۔

مزید خبریں
National Assembly session
قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2026-27ء کے وفاقی بجٹ پر بحث جاری اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2026-27ء کے وفاقی بجٹ پر بحث بدھ کو بھی جاری رہی۔ایوان میں عام بحث کیلئے 40 گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا تھا تاہم بحث کا دورانیہ اس سے تجاوز کر گیا۔ اس دوران حکومتی اراکین نے بجٹ کو متوازن اور عوامی امنگوں کے عین مطابق قرار دیا جبکہ اپوزیشن نے زراعت سمیت مختلف شعبوں کو نظر انداز کرنے کا معاملہ اٹھایا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن رکن شفقت عباس نے کہا کہ عام آدمی اور مزدور کے لئے بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں ہے، کروڑوں عوام کی نظریں اس ایوان پر ہیں، ان کو ریلیف دینا چاہئے۔ پیپلز پارٹی کی رکن مہرین رزاق بھٹو نے خطے میں امن کے لئے کردار پر پاکستان کی قیادت کے کردار کو سراہا جس سے دنیا بڑے نقصان سے بچی، بجٹ کا 42 فیصد قرض پر سود کی ادائیگی پر لگے گا، غیر ترقیاتی بجٹ نہ روکنے کی وجہ سے خسارے کا بجٹ پیش کیا جارہا ہے، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں اضافہ نہیں کیاگیا،اٹھارویں ترمیم کے تحت طے شدہ کئی وزارتیں صوبوں کو نہیں ملیں۔ عظیم الدین زاہد نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ نہیں بلکہ کمی ہوئی ہے، گزشتہ سال سیلاب سے فصلوں کو نقصان پہنچا تھا، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں مگر بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں اضافہ کے دعوے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی شرح کم ہے، ملک سے سرمایہ باہر جا رہا ہے۔ پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی ازبل زہری نے کہاکہ خواتین کیلئے بجٹ میں فنڈز کی فراہمی میں اضافہ ضروری ہے، خواتین مختلف رکاوٹوں کے باوجود مختلف شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے جائے اور ان پر موثر انداز میں عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں خاتون ڈاکٹر پر تیزاب سے حملہ مجموعی طور پر خواتین کے بطور شہری ان کے حقوق پر حملہ تھا، تیزاب اورخطرناک کیمیکلز کی سرعام فروخت کس طرح ہو رہی ہے، حکومت کو اس حوالہ سے ضابطہ جاتی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ازبل زہری نے کہاکہ خواتین کے خلاف استحصال کے خاتمہ اوران کوبااختیاربنانے کواولین ترجیحات میں شامل کرنا ضروری ہے، خواتین پر سرمایہ کاری ملک کی ترقی وخوشحالی پرسرمایہ کاری کے برابرہے۔ ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ 25 بار پاکستان آئی ایم ایف کے پاس گیا ہے مگر ہماری مشکلات کم نہ ہو سکیں، عام لوگ بجٹ سے لاتعلق ہیں، بجٹ میں آئی ایم ایف کی تمام ترسفارشات کوشامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گیس کی رائلٹی سے صوبوں کو ان کاحصہ مل رہاہے، صوبوں سے بجٹ نچلی سطح پر منتقل نہیں ہو رہا، 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے اختیارات بڑھ گئے ہیں مگر پھر بھی رونا دھونا جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی وجہ سے ریکارڈ ترسیلات زر آ رہی ہیں، وفاقی حکومت ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کریں، ہمیں خلیجی ممالک میں اپنے شہریوں اور کارکنوں کے مفادات کاتحفظ کرنا چاہئے، پاکستانی افرادی قوت کویورپی مارکیٹس تک رسائی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کوملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قراردیا جا رہا ہے مگر کسانوں اور ہاریوں کی حالت زار میں بہتری نہیں آ رہی۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کیلئے زیادہ فنڈز کی فراہمی پرتنقید کی اورکہاکہ اس کی بجائے زیادہ بجٹ تعلیم اورتربیت کیلئے مختص کیا جائے، گردشی قرضہ میں کمی کیلئے اقدامات کئے جائے۔ مسلم لیگ (ن )کے رکن اظہر قیوم ناہرا نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر امن کا سفیر بن کر ابھرا ہے،اللہ پاکستان کو ہمیشہ عزتوں سے نوازے، اپنے قائدین، عوام، عسکری و سیاسی قیادت کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،مشکل حالات میں متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،بجٹ میں قوم پر زیادہ بوجھ نہ ڈالنے اور ہرممکنہ ریلیف دی گئی،ٹیکسوں میں مختلف شعبوں کو ریلیف دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کے لئے اقدامات ناکافی ہیں،اس پر مزید توجہ کی ضرورت ہے،کسان کو صنعتکار سے زیادہ ریلیف ملنا چاہئے، کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہو گا، سولر پر کسانوں کو سبسڈی دی جائے،تیل کی قیمتیں کم کی جائیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن عامر حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عسکری قیادت نے امریکہ-ایران معاہدے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے، اس سے دنیا میں ملک کا وقار بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مشینری، کھادوں، ٹریکٹرز، کرم کش ادویات، بجلی پر کوئی سبسڈی نہیں اسی وجہ سے پیداوار بھی متاثر ہوتی ہے، واٹر مینجمنٹ کے مسائل بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ سے اربوں روپوں کے نقصان کا سامنا ہوا تھا اس پر وفاق بھی اپنا حصہ ڈالے۔عامر مگسی نے کہا کہ زرعی تحقیق کے لئے جامعات کو مزید بہتر بنانا ہے،پانی کے ضیاع کو روکنا ہے، زراعت پر لگائے گئے ٹیکس پر نظرثانی کی جائے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بغیر کسی سیاسی وابستگی سے مستحقین مستفید ہوتے ہیں،اس کو سیاسی رشوت قرار دینا افسوسناک ہے۔ ایم کیو ایم کی رکن نکہت شکیل نے کہا کہ بجٹ عوام دوست نہیں ہے،اس میں عوام کی ضرورتوں کا خیال نہیں رکھا گیا، مہنگائی کی شرح سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ ہونا چاہئے، صحت اور تعلیم کا بجٹ ملا کر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے برابر نہیں،یہ ایک اچھا پروگرام ہے تاہم اس میں شفافیت کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن بلال فاروق تارڑ نے کہاکہ سب سے پہلے میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو خطے میں امن کے لئے ان کی سفارتی کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،بجٹ 2026-27 میں عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں رعایت دی گئی، سپر ٹیکس اور اضافی سرچارج میں کمی کی گئی، رئیل اسٹیٹ اور برآمدی شعبے کے لئے ٹیکس کم کئے گئے، آئی ٹی برآمدات کی حوصلہ افزائی کی گئی اور کینسر کی ادویات کے خام مال پر ٹیکس ختم کیا گیا۔انہوں نے ک ہاکہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنے کی کوشش انتہائی تشویشناک ہے۔ اس کا موثر جواب یہ ہے کہ پاکستان نئے ڈیم، آبی ذخائر اور ہائیڈرو پاور منصوبوں پر تیزی سے کام کرے تاکہ زراعت، معیشت اور قومی سلامتی کو محفوظ بنایا جا سکے۔یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور صوبوں کو متحد ہو کر پاکستان کے آبی وسائل کے تحفظ اور نئے ڈیموں کی تعمیر پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا۔