محکمہ زراعت کا جانوروں کی سبز چارے کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کاشتکار وں کو ربیع کے چارے کی کاشت کا مشورہ

محکمہ زراعت کا جانوروں کی سبز چارے کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کاشتکار وں کو ربیع کے چارے کی کاشت کا مشورہ

فیصل آباد۔ 30 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارے کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت کامشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار موسم سرماکے سبز چارے برسیم، لوسرن، اگیتی جئی کی کاشت کرلیں تاکہ بہتر فصل کا حصول ممکن اور موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارہ کی ضروریات کو پوراکرنے میں مدد مل سکے نیز ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے ذرخیز زمین کا انتخاب کیاجائے تاکہ کاشتکار بہتر انداز میں مالی فائدہ بھی حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعامر صدیق نے بتایا کہ کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے زمین میں 3سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر اسے اچھی طرح نرم و بھربھری کر لینی چاہیے جس میں گوبر کی گلی سڑی کھاد 12سے15 گڈے فی ایکڑ ڈالنے سے بھی شاندار نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہو تو 2بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ بھی ڈالی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔