محکمہ زراعت کا کاشتکاروں کو دھان کے بیج کی تیاری میں خصوصی احتیاط برتنے کامشورہ

paddy

فیصل آباد۔ 22 اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو دھا ن کے بیج کی تیاری میں خصوصی احتیاط برتنے کامشورہ دیا ہے اور کہا کہ کاشتکار دھا ن کی فصل کو بکا ئنی اورپتوں کے بھورے دھبوں کی بیماریوں سے بچانے کیلئے 1کلو گرام بیج کو 2 سے اڑھائی گرام تک پھپھوندی کش زہر لگانے کے بعد پنیری کاشت کریں تاکہ دھان کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ نہ رہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے بتایا کہ جن علاقوں میں کدو کے ذریعے پنیری کاشت کی جاتی ہے وہاں بیج کو پھپھوندی کش دوائی والے محلول میں 24گھنٹے تک بھگو کر رکھا جائے اور اس کے بعد بیج کو نکال کر سایہ دار جگہ پر رکھنے کے بعد انگوری مارے ہوئے بیج کا چھٹہ دیا جائے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ پھپھوندی کش زہر کا انتخاب مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔