محکمہ زراعت کی باغبانوں کو ماہ اگست میں آم کے باغات کی بہتر نگہداشت کے لیے ہدایات جاری

ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع عدیل احمد نے کہا ہے کہ آم کے باغبانوں کو ماہ اگست کے دوران باغات کی مناسب دیکھ بھال اور درست زرعی سفارشات پر عمل کرنے سے بہتر پیداوار اور معیاری پھل کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔

فیصل آباد۔ 28 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع عدیل احمد نے کہا ہے کہ آم کے باغبانوں کو ماہ اگست کے دوران باغات کی مناسب دیکھ بھال اور درست زرعی سفارشات پر عمل کرنے سے بہتر پیداوار اور معیاری پھل کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے جاری زرعی کیلنڈر میں باغبانوں کے لیے اہم رہنما اصول جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق اگست کے دوران آم کی پچھیتی اقسام کے پھل کی برداشت کا عمل مکمل کیا جائے۔ باغبان نئے باغات کے لیے گڑھے کھود کر زمین کو تیار رکھیں تاکہ موزوں موسم میں پودے لگانے کا عمل بروقت شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ برداشت کے بعد فی درخت تقریباً ایک کلو گرام یوریا کی تیسری اور آخری قسط ڈالنے سے درختوں کی بہتر نشوونما میں مدد ملتی ہے، جبکہ برداشت کے بعد دو ہفتے تک آبپاشی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باغبان کیڑوں اور بیماریوں پر مسلسل نظر رکھیں اور اگر حملے کی علامات ظاہر ہوں تو محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورے سے فوری تدارکی اقدامات کریں۔ تیلہ اور دیگرنقصان دہ کیڑوں کی بروقت روک تھام آئندہ سیزن میں بہتر پیداوار کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغات میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، مناسب صفائی اور نکاسی آب کا مؤثر انتظام بھی نہایت اہم ہے تاکہ درخت صحت مند رہیں اور بیماریوں کے امکانات کم ہوں۔ انہوں نے باغبانوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام زرعی سفارشات پر عمل کریں اور مزید رہنمائی کے لیے اپنے قریبی محکمہ زراعت کے دفتر سے رابطہ رکھیں۔