محکمہ زراعت کی دھان کی فصل میں بھورے دھبوں کی بیماری سے بچائو کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت

محکمہ زراعت نے دھان کی فصل میں بھورے دھبوں کی بیماری کے بڑھتے ہوئے حملے کے پیش نظر کاشتکاروں کو فصل کی باقاعدگی سے نگرانی اور بروقت تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

فیصل آباد۔ 01 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے دھان کی فصل میں بھورے دھبوں کی بیماری کے بڑھتے ہوئے حملے کے پیش نظر کاشتکاروں کو فصل کی باقاعدگی سے نگرانی اور بروقت تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے ’’اے پی پی ‘‘ کوبتایا کہ یہ بیماری بیج سے منتقل ہونے والی پھپھوندی کے باعث پیدا ہوتی ہے اور بالخصوص باسمتی چاول کی پیداوار اور معیار کو متاثر کر سکتی ہے جبکہ زیادہ نمی اور 16 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اس کے پھیلاؤ کے لیے سازگار حالات پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگست 2026 کے چوتھے ہفتے کی پیسٹ سرویلنس رپورٹس میں دھان کی فصل میں بیماری کے حملے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور موجودہ موسمی حالات بھی اس کے مزید پھیلاؤ کے لیے موزوں ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ فصل کی پیسٹ و بیماری اسکاؤٹنگ کی جائے، پانی کا مناسب انتظام برقرار رکھا جائے، طویل عرصے تک نمی کے دباؤ سے فصل کو محفوظ رکھا جائے اور متوازن غذائی انتظام کے تحت خصوصاً پوٹاشیم کی مناسب مقدار فراہم کی جائے۔

بیماری کی علامات یا شدت ظاہر ہونے کی صورت میں مقامی زرعی ماہرین سے مشاورت کے بعد تجویز کردہ پھپھوندی کش ادویات مقررہ مقدار کے مطابق استعمال کی جائیں، جن میں ایزوکسی سٹروبِن + ڈائی فینوکونازول 200 ملی لیٹر، سلفر 800 گرام، فلو آکسی اسٹروبِن 100 تا 125 ملی لیٹر، پلوکسی اسٹروبِن + سائپرکونازول 200 ملی لیٹر اور ڈائی فینوکونازول + پروپیکونازول 120 ملی لیٹر فی ایکڑ شامل ہیں، تاہم زرعی ادویات کے استعمال کے دوران برداشت سے قبل درکار وقفہ لازماً مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو خود سے غیر ضروری یا غیر تجویز کردہ ادویات استعمال کرنے سے گریز اور مربوط پیسٹ مینجمنٹ کے اصولوں پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اسکاؤٹنگ، مناسب آبپاشی، متوازن کھادوں کا استعمال اور بیماری کی بروقت نشاندہی سے دھان کی پیداوار اور باسمتی چاول کے معیار کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔