محکمہ زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ مقررہ وقت پر چنائی نہ کرنے کے عمل سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے ،اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے
محکمہ زراعت کی سرخ مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 17 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو مرچوں کی چنائی بروقت مکمل کرنے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ مقررہ وقت پر چنائی نہ کرنے کے عمل سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے ،اس لئے اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عدیل احمد نے کاشتکاروں کو آگاہ کیاکہ چنائی کا عمل اس وقت شروع کیاجائے جب مرچ اچھی طرح پک چکی ہو اور اس کا رنگ بھی مکمل طور پر سرخ ہو چکاہو۔ انہوں نے کہاکہ چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کرنی چاہیے تاکہ پودے ٹوٹنے کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ مرچ کی چنائی ہفتہ عشرہ کے وقفے سے کرنے کے بعد مرچوں کو اکٹھا ڈھیر کی صورت میں رکھنے کی بجائے خشک اور صاف چٹائی پر اسے احتیاط سے بکھیر دیناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار چنائی کے بعد کمزور اور بیماری سے متاثرہ مرچوں کو الگ کر دیں نیز مرچوں کو بارش یا آندھی سے بچانے کیلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ بہتر پیداوار کے ذریعے کاشتکاروں کو مالی منافع حاصل ہوسکے۔







