محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کوگندم کی اگیتی کاشت کیلئے ابھی سے زمین کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت
محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کوگندم کی اگیتی کاشت کیلئے ابھی سے زمین کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 16 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت کی جانب سےکاشتکاروں کوگندم کی اگیتی کاشت کیلئے ابھی سے زمین کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ گندم کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے بروقت کاشت، شرح بیج اور آبپاشی کے ساتھ ساتھ زمین کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔زرعی ماہرین کاشتکاروں کو تمام ممکن رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین زراعت کی سفارشات پر عمل کرکے کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔
محکمہ نےکاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے گندم سمیت دیگر فصلوں ربیع کا سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکار ترقی دادہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج تمام شہروں میں قائم پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈپواور ڈیلرز سے حاصل کریں اور اس بیج کے استعمال سے بیماریوں سے پاک پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکتاہے تاہم کاشتکار اچھی شہرت کی حامل پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں کی طرف سے سپلائی کردہ بیج بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
حکومت نے تمام شہروں میں سیڈ گریڈرز کی سہولیات مہیا کررکھی ہیں جہاں سے سیڈ گریڈنگ کے بعد بیج کو کاشت کیا جاسکتاہے۔ 20نومبر تک گندم کی بوائی کیلئے بیج کی شرح 50کلو گرام فی ایکڑ اور 21 نومبر سے 15 دسمبر تک 60کلو گرام فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ گندم کی اقسام،اکبر- 19،فلک – 24،فخربھکر- 17،فتح جنگ- 16، فیصل آباد 2008 وغیرہ زیادہ شگوفے بناتی ہیں اسلئے ان کی بروقت کاشت کی صورت میں مناسب وتر کے باعث بیج کی مقدار کو 5کلو گرام فی ایکڑ تک کم بھی کیاجا سکتاہے۔








