محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو زائد خریف کی فصلوں میں توریا اے کی کاشت وسط اگست سے شروع کرنے کی سفارش

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوملک میں خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے اور اس کی برآمد کی شرح میں اضافہ سمیت زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کرنے کیلئے تیل دار اجناس کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار تیل دار اجناس کی منظور شدہ اقسام کاشت کر کے بھاری مالی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔

فیصل آباد۔ 27 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوملک میں خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے اور اس کی برآمد کی شرح میں اضافہ سمیت زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کرنے کیلئے تیل دار اجناس کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار تیل دار اجناس کی منظور شدہ اقسام کاشت کر کے بھاری مالی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ پیر کو ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت ڈاکٹر عدیل احمد نے بتایا کہ توریا اے، اوریا انمول زائد خریف کی فصلیں ہیں جبکہ پیلا رایا، سرسوں، ڈی جی ایل، چکوال رایا، خانپور رایا موسم ربیع کی فصلیں ہیں۔

اس کے علاوہ کینولا اقسام میں پنجاب سرسوں منظور شدہ قسم ہے جسے پورے پنجاب میں 20ستمبر سے31اکتوبر تک کاشت کیا جا سکتا ہے جبکہ زائد خریف کی فصلوں میں توریا اے کو 25اگست سے 15ستمبر تک کاشت کرنا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیل دار اجناس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے انہیں بر وقت کاشت کرنا اور صحت مند و صاف ستھرے بیج کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے۔