محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو سبز مرچ کی پنیری کی کاشت 31اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

کاشتکاروں کو سبز مرچ کی پنیری کی کاشت 31اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع فیصل آبادخالد محمودنے بتایاکہ سبز مرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کے بیج گولہ پشاوری اور ٹاٹا پوری کا انتخاب کرنا چاہیے تاکہ سبز مرچ کی بہترین پیداوار حاصل ہو سکے۔

فیصل آباد۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):کاشتکاروں کو سبز مرچ کی پنیری کی کاشت 31اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت توسیع فیصل آبادخالد محمودنے بتایاکہ سبز مرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کے بیج گولہ پشاوری اور ٹاٹا پوری کا انتخاب کرنا چاہیے تاکہ سبز مرچ کی بہترین پیداوار حاصل ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ سبز مرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے میرا، ہلکی میرا اور ایسی زمین کا انتخاب کیا جانا چاہیے جہاں پانی کا اچھا نکاس موجود ہو۔

انہوں نے کہاکہ زمین کی تیاری سے قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈیڑھ من فی مرلہ کے حساب سے ڈالنے کے بعد زمین میں ایک میٹر چوڑی کیاریاں بناتے ہوئے 4سے 5مرلہ میں 2سے 3انچ تک لائنوں کے درمیانی فاصلہ پر آدھا کلوگرام بیج کاشت کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار بیج کی کاشت کے بعد اسے پتوں کی گلی سڑی کھاد سے ڈھانپ دیں تاکہ کیاریوں میں نمی برقرار رہے۔

انہوں نے کہاکہ کیاریوں کو ڈھانپنے کے بعد فوارے سے اس انداز میں آبپاشی کرنی چاہیے کہ زمین تر وتر حالت میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جاسکتاہے۔

مزید خبریں