محکمہ زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرخ مرچ کی چنائی بروقت مکمل کریں اور بعد از برداشت مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں
محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو سرخ مرچ کی بروقت چنائی اور بعد از برداشت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔14جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے مرچ کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرخ مرچ کی چنائی بروقت مکمل کریں اور بعد از برداشت مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ بہتر معیار کی پیداوار حاصل ہونے کے ساتھ مالی منافع میں بھی اضافہ ہو۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق مرچ کی چنائی اس وقت شروع کی جائے جب پھل مکمل طور پر پک چکا ہو اور اس کا رنگ پوری طرح سرخ ہو گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ چنائی صبح یا شام کے ٹھنڈے اوقات میں کی جائے تاکہ پودوں کے ٹوٹنے یا نقصان پہنچنے کے امکانات کم سے کم رہیں۔انہوں نے بتایا کہ مرچ کی چنائی ہفتہ تا عشرہ کے وقفے سے کی جانی چاہیے۔ چنائی کے بعد مرچوں کو اکٹھا ڈھیر بنانے کے بجائے صاف اور خشک چٹائی پر احتیاط سے پھیلا دیا جائے تاکہ ان کا معیار برقرار رہے اور نمی کے باعث خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ چنائی کے بعد کمزور، خراب یا بیماری سے متاثرہ مرچوں کو علیحدہ کر دیا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ مرچوں کو بارش، آندھی اور دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بہتر پیداوار اور معیاری فصل کے ذریعے زیادہ مالی منفعت حاصل کی جا سکے۔







