فیصل آباد۔ 27 فروری (اے پی پی):ماہرین محکمہ زراعت نے کہاہے کہ جڑی بوٹیاں بہاریہ سورج مکھی کی فصل میں فی ایکڑ کمی کا سبب بننے والی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ ہیں، اس لیے سورج مکھی کی فصل کوپہلے 40سے 45دن تک ان سے صاف رکھا جائے تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد نے بتایا کہ تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی …
محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل کو پہلے 40سے 45 روز تک جڑی بوٹیوں سے صاف رکھنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 27 فروری (اے پی پی):ماہرین محکمہ زراعت نے کہاہے کہ جڑی بوٹیاں بہاریہ سورج مکھی کی فصل میں فی ایکڑ کمی کا سبب بننے والی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ ہیں، اس لیے سورج مکھی کی فصل کوپہلے 40سے 45دن تک ان سے صاف رکھا جائے تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل کی جاسکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد نے بتایا کہ تجربات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ جڑی بوٹیاں سورج مکھی کی پیداوارمیں 20سے45فیصدتک کمی کا باعث بنتی ہیں جبکہ فصل اگنے سے چھ ہفتے بعد تک کا عرصہ جڑی بوٹیوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے اگر جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو یہ روشنی، خوراک اور پانی کے حصول میں فصل کا مقابلہ کرتی ہیں اور یہ سورج مکھی کے پودوں کی نسبت دو سے تین گنا ان کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
علاوہ ازیں، جڑی بوٹیاں بہت سے کیڑوں اور بیماریوں کے میزبان پودوں کے طورپر بھی کام کرتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی فصل میں چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں باتھو، کرونڈ، لیہلی، جنگلی پالک، چولائی، ددھک، قلفہ، بکھڑا، چبڑ، اٹ سٹ، سینجی، مینا، میکواور جنگلی ہالوں زیادہ اہم ہیں جبکہ نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں ڈیلا، کھبل گھاس، سوانکی گھاس، مدھانہ گھاس، دمبی گھاس اور بانسی گھاس شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اگر افرادی قوت موجود ہو توگوڈی جڑی بوٹیوں کی تلفی کا بہترین طریقہ ہے کیونکہ گوڈی سے جڑ ی بوٹیاں تلف کرنے، زمین کی سطح کو نرم کرنے اور زمین میں ہوا کی آمد ورفت قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ کھیلیوں اور وٹوں پر کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی میں آسانی رہتی ہے اوراس طریقہ کاشت میں فصل سے جڑی بوٹیاں کیمیائی زہروں کے استعمال سے بآسانی تلف کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سورج مکھی پٹڑیوں پر کاشت کرنے کی صورت میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے 24سے 48گھنٹے کے اندر ڈوآل گولڈ 8ملی لیٹر یا پینڈی میتھلین 12ملی لیٹر فی لیٹر پانی میں ملا کرسپرے کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ڈرل یا پلانٹر کے ساتھ کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لیے ٹریکٹر کے ذریعے گوڈی کرکے ان کو تلف کریں اور آخری گوڈی کے بعد پودوں کے ساتھ مٹی چڑھادیں تاکہ پودے کو گرنے اور نقصان سے بچایاجاسکے۔








