محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو مٹر کی فصل کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز نے کاشتکاروں کو مٹر کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کےلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مٹر کی فصل پر حملہ آور ہونے والی بیماریاں پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو بھاری نقصانات اٹھاناپڑتے ہیں۔ سفوفی پھپھوندی کی بیماری …

فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):محکمہ زراعت کے شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز نے کاشتکاروں کو مٹر کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کےلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مٹر کی فصل پر حملہ آور ہونے والی بیماریاں پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو بھاری نقصانات اٹھاناپڑتے ہیں۔

سفوفی پھپھوندی کی بیماری ایک مخصوص فنگس کے حملےکی وجہ سے پھیلتی ہے جس کی وجہ سے پودے کے نچلے حصے پر سفید دھبے ظاہر ہوتے ہیں جبکہ یہ دھبے تنے اور پتوں کے اوپر بھی پھیل جاتے ہیں جس کا حملہ 20سے27سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور 50فیصد نمی میں زیادہ بڑھ جاتا ہے لہٰذااس بیماری کے حملے کی وجہ سے خلیوں کی بڑھوتری کا عمل رک جاتا ہے اور پھل کا ذائقہ بھی خراب ہوجاتا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹرپلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد ڈاکٹر عامر رسول نے کہا کہ کاشتکار سفوفی پھپھوندی کے بروقت انسداد کے لیے ڈائی فینا کونازول زہر بحساب 2 سی سی فی لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔انہوں نے بتایاکہ روئیں دار پھپھوندی بیماری کا حملہ پتوں کی نچلی سطح پر بھورے دھبوں کی شکل میں ہوتا ہے جس میں پتوں کارنگ پیلا پڑنے کے بعد مٹیالاہوجاتا ہے اور بیماری سے متاثرہ پتے سوکھ جاتے ہیں جبکہ15 سے20ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں 80فیصد نمی ہونے پر یہ بیماری تیزی سے پھیلتی ہے۔

اس بیماری کے حملے کی صورت میں پودے جھلسے ہوئے نظر آتے ہیں اور متاثرہ پھلیاں گل سڑ جاتی ہیں نیز اس بیماری کے تدارک کے لیے تھائیو فینیٹ میتھائل، منکوزیب یا ریڈومل گولڈ بحساب 2گرام فی لیٹر پانی میں ملا کر ہفتے کے وقفے سے دوبار سپرے کرنا چاہیے۔انہوں نے بتایاکہ مٹر کی فصل کو بیماریوں کے حملہ سے بچاؤ کے لیے کھیلیوں پر کاشت کیاجائے تاکہ آبپاشی کے دوران پانی تنے کو نہ لگے۔

علاوہ ازیں کاشتہ مٹر کے کھیتو ں کا ہفتے میں 2بارمعائنہ کریں اور بیماری کا حملہ نظر آتے ہی بیمار پودوں کو کھیت سے نکال کر فوری تلف کریں اور محکمہ زراعت کی سفارش کردہ زہریں استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار سبزیوں کے کھیت کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔