محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ٹینڈے کی پچھیتی کاشت 31 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹینڈے کی پچھیتی کاشت 31 جولائی تک مکمل کریں تاکہ گرم اور موزوں موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے

سیالکوٹ۔10جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹینڈے کی پچھیتی کاشت 31 جولائی تک مکمل کریں تاکہ گرم اور موزوں موسم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔زراعت آفیسر مرکز کینٹ سیالکوٹ عمار عبداللہ نے بتایا کہ ٹینڈے کی کامیاب کاشت کے لئے زرخیز ریتلی اور پانی کے اچھے نکاس والی زمین کا انتخاب انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشت سے قبل فی ایکڑ 10 سے 15 ٹن گلی سڑی گوبر کی کھاد کھیت میں ڈال کر اچھی طرح زمین میں ملا دی جائے، جس کے بعد آبپاشی کی جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وتر آنے پر کھیت میں 2 سے 3 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو اچھی طرح تیار کیا جائے جبکہ کاشت کے لئے 3،3 میٹر کے فاصلے پر نشان لگائے جائیں۔ نشان کے دونوں اطراف 30 سینٹی میٹر کے فاصلے پر ایک بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم سلفیٹ ملا کر ڈالنے سے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار ٹینڈے کی کاشت سے متعلق مزید معلومات اور فنی رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے ماہرین یا فیلڈ سٹاف سے رابطہ کریں۔