محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ٹینڈے کی پچھیتی کاشت 31جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ٹینڈے کی پچھیتی کاشت 31جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 10 جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ٹینڈے کی پچھیتی کاشت 31جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ٹینڈا جو صوبہ پنجاب کی موسم گرما کی ایک اہم ترین سبزی ہے ،کی کاشت بروقت یقینی بنائی جائے تاکہ موزوں ترین موسم کے باعث اس کی بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) عدیل احمد نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ ٹینڈے کی کاشت کیلئے زرخیز ریتلی اور پانی کے اچھے نکاس والی زمین کاہونا ضروری ہوتاہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار ٹینڈے کی کاشت سے پہلے کھیت میں 10سے 15ٹن فی ایکڑ گوبر کی گلی سٹری کھاد ڈال کر اسے ہل چلاتے ہوئے زمین میں اچھی طرح مکس کردیں اور اس کے بعد کھیت کو پانی لگادیں۔ انہوں نے کہاکہ وتر آنے پر2سے3 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلایاجائے اور کاشت کیلئے 3،3 میٹر کے فاصلے پر نشان لگائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ نشان کے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر دور ایک بور ی سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم سلفیٹ ملاکر ڈالنے سے بہتر پیداوارحاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتا ہے۔