محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کیلئے سیڈ گریڈڈ اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی ہدایت

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے گندم کے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کیلئے سیڈ گریڈڈ اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے

سیالکوٹ ۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے گندم کے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کیلئے سیڈ گریڈڈ اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ بہترین پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے اور چونکہ صاف، موٹا،بیماریوں سے پاک، جڑی بوٹیوں کی باقیات و دیگر آلائشوں سے مبرا بیج بہترین فصل کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا ضامن ہے اسلئے اگر گھر کا بیج استعمال کرنا ہو تو اسے لازمی طور پر سیڈ گریڈر کے ذریعے گریڈ کروا کر کاشت کیا جائے ۔

انہوں نے بتایا کہ ماہرین زراعت کے مشوروں کے مطابق گندم کاشت کرنے کے مفید نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں جس سے غذائی خود کفالت سمیت زیادہ خوشحالی بھی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کررکھی ہے لہٰذا کسی بھی قسم کی معلومات، مشاورت، رہنمائی یا مسئلہ کی صورت میں صبح 9سے شام 5بجے تک فون نمبر 0800-15000پر مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔