محکمہ زراعت کی کپاس کی صاف چنائی سے متعلق سفارشات جاری، چنائی شام4 بجے بند کر دینی چاہیے

محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق سفارشات جاری کی ہیں۔سفارشات کے مطابق کپاس کے کاشتکار چنائی صبح10 بجے شروع کریں،جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔کپاس کی فصل کی چنائی شام4 بجے بند کر دینی چاہیے۔

لاہور۔24اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق سفارشات جاری کی ہیں۔سفارشات کے مطابق کپاس کے کاشتکار چنائی صبح10 بجے شروع کریں،جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔کپاس کی فصل کی چنائی شام4 بجے بند کر دینی چاہیے۔

چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے سے مکمل کھلے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کریں اور بتدریج اوپر کو چنائی کرتے جائیں تاکہ پودے کے سوکھے پتے چنی ہوئی کپاس میں شامل نہ ہوں۔چنائی کرتے وقت ٹینڈوں سے کپاس کو اچھی طرح نکال لینا چاہیے۔چنائی کیلئے استعمال ہونے والا کپڑا (جھولی)سوتی ہونا چاہیے۔چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے۔مزید کہا گیا کہ پھٹی کو آلودگی سے بچانے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔

چنی ہوئی کپاس میں نمی،کچے ٹینڈے،کھوکڑی،رسیاں سوتلی،بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیں۔پھٹی کو گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیا ہاتھ سے چن کر نکال دیں۔چنائی کرنے والیوں کو چاہیے کہ اپنے سر کو اچھی طرح کپڑے سے ڈھانپ کر چنائی کریں تاکہ اس میں انسانی بالوں کی آمیزش نہ ہو۔چنائی کے بعد پھٹی کو ایک دو دھوپ ضرور لگوائیں تاکہ نمی کو مناسب سطح پر لایا جا سکے۔