محکمہ زراعت کی کپاس کے کاشتکاروں کو اہم ترین مرحلہ پرفصل کو پانی کے نقصانات سے بچانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو موجودہ اہم ترین مرحلہ پرفصل کو پانی کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار بارشی و سیلابی پانی سے کپاس کی فصل کو بچانے کیلئے تدارکی و حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے کہا کہ اگر کپاس کے کھیت کے قریب کماد یاچارے کی …

فیصل آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو موجودہ اہم ترین مرحلہ پرفصل کو پانی کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار بارشی و سیلابی پانی سے کپاس کی فصل کو بچانے کیلئے تدارکی و حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع عدیل احمد نے کہا کہ اگر کپاس کے کھیت کے قریب کماد یاچارے کی فصل موجود ہے تو پانی اس کھیت میں ڈال دیاجائے اور اگر کپاس کے کھیت سے پانی باہر نکالنا ممکن نہ ہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر فصل پیلی ہو جائے تو پانی نکالنے کے بعد زمین وتر آنے پر یوریا کھاد کا 2فیصد محلول بناکر سپرے کریں تاکہ پودوں کی نشوونما دوبارہ شروع ہو جائے جبکہ ضرورت پڑنے پر 7دن بعد یوریا کے محلول کا دوبارہ سپرے بھی کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کپاس کی فصل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اگر زیادہ متاثر ہوجائے تو محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے اجزائے صغیرہ کا استعمال کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ زیادہ گرم اور مرطوب موسمی حالات میں کپاس کی فصل پر سبز تیلے، سفید مکھی اور لشکری سنڈی کے حملہ کا امکان بڑھ جاتا ہے لہٰذا کاشتکار ہفتہ میں دو بار فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور حملہ کی صورت میں مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہر کا سپرے کریں۔

مزید خبریں