محکمہ لائیوسٹاک کا جانوروں میں کانگو وائرس اوردیگر متعدی بیماریوں کی روک تھام کیلئے خصوصی مہم کا آغاز

محکمہ لائیوسٹاک کوئٹہ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر خضدار میں قائم مویشی منڈیوں میں جانوروں کو کانگو وائرس اوردیگر متعدی بیماریوں کی روک تھام کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا

کوئٹہ۔ 21 مئی (اے پی پی):محکمہ لائیوسٹاک کوئٹہ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر خضدار میں قائم مویشی منڈیوں میں جانوروں کو کانگو وائرس اوردیگر متعدی بیماریوں کی روک تھام کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا۔ لائیوسٹاک آفیسر خضدار ڈاکٹر محمد انور زہری کے مطابق یہ مہم صوبائی وزیر لائیوسٹاک بلوچستان، سیکرٹری لائیوسٹاک ، ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک، کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خضدار کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے ،مہم کے تحت مویشی منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں کی ویکسینیشن، اسپرے اور عوامی آگاہی کا کام جاری ہے

ڈاکٹر محمد انور زہری نے بتایا کہ لائیوسٹاک کے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیموں نے خضدار کی مختلف مویشی منڈیوں کا دورہ کر کے بھیڑ، بکری، گائے، بیل سمیت دیگر جانوروں کو ویکسین لگائی اور جراثیم کش اسپرے کیا۔انہوں نے کھٹان ندی، جھالاوان کمپلیکس اور ارباب کمپلیکس خضدار کا دورہ کر کے انسدادی اقدامات کا خود جائزہ لیا ،انہوں نے کہا کہ کانگو وائرس انسانوں اور جانوروں دونوں کیلئے خطرناک ہے اور اس کی اموات کی شرح بھی زیادہ ہے اس لیے ضلع کے زہری، نال، کرخ، وڈھ سمیت تمام بکرا منڈیوں میں جراثیم کش اسپرے اور ویکسینیشن مہم جاری ہے۔

مزید خبریں