محکمہ لائیو اسٹاک نے بارشوں کے موسم کے پیش نظرجانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ہدایات جاری کر دیں

محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشی پال حضرات کو مون سون بارشوں کے موسم کے پیش نظر جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے

فیصل آباد۔ 08 جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے مویشی پال حضرات کو مون سون بارشوں کے موسم کے پیش نظر جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے، دودھ اور گوشت کی پیداوار برقرار رکھنے اور فارم کی مجموعی کارکردگی کی بہتری کے لئے رہنما ہدایات جاری کر دیں۔ترجمان لائیو سٹاک ڈاکٹر فرحین کے مطابق بارشوں کے دوران جانوروں کی خوراک اور پانی کے معیار پر خصوصی توجہ دینا انتہائی ضروری ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پھپھوندی زدہ، گیلا یا خراب خشک چارہ ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ایسی خوراک جانوروں کی صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے متوازن خوراک دینے پر بھی زور دیا ہے، جس میں سبز چارے کے ساتھ مناسب مقدار میں ونڈا یا کنسنٹریٹ فیڈ شامل کی جائے تاکہ جانوروں کی غذائی ضروریات پوری ہوں اور ان کی صحت برقرار رہے۔رہنما ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جانوروں کو نمک اور منرل مکسچر باقاعدگی سے فراہم کیا جائے تاکہ ان میں ضروری معدنیات کی کمی نہ ہو اور قوتِ مدافعت بہتر رہے۔اسی طرح جانوروں کو ہمیشہ صاف اور تازہ پانی پلانے کی ہدایت کی گئی۔