محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کے تحت اہل مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال، معیاری ونڈا اور خوراک کی خریداری کے لیے بلا سود قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 15 جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے تیسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کے تحت اہل مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال، معیاری ونڈا اور خوراک کی خریداری کے لیے بلا سود قرض کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ لائیو سٹاک ڈ اکٹر فرحین نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ اس مرحلے میں ایسے مویشی پال حضرات درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کے پاس 5 سے 20 بڑے نر جانور موجود ہیں۔ اس اسکیم کے تحت اہل درخواست گزار 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس کا مقصدمویشیوں کی غذائی ضروریات پوری کرنا، ان کی صحت بہتر بنانا اور لائیو سٹاک کے شعبے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ درخواستوں کی وصولی کا آغاز 15 جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے اور تمام اہل مویشی پال حضرات سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنی درخواستیں جمع کرا کے اس اہم حکومتی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت دیہی معیشت کو مضبوط، کسانوں اور مویشی پالوں کی آمدن میں اضافہ اور لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلا سود قرض کی فراہمی سے مویشی پال معیاری ونڈا اور خوراک خرید سکیں گے جس کے نتیجے میں جانوروں کی صحت، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بہتری آئے گی اور شعبہ لائیو سٹاک کی مجموعی ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم سے متعلق مزید معلومات، رہنمائی اور درخواست کے طریقہ کار کے لیے محکمہ کی ہیلپ لائن 0800-09211 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ پروگرام مویشی پال حضرات کی معاشی خوشحالی اور پنجاب میں لائیو سٹاک کے شعبے کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔







