محکمہ لائیو سٹاک ڈیری ڈیویلپمنٹ کے زیرِ اہتمام ریبیز کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام

محکمہ لائیو سٹاک ڈیری ڈیویلپمنٹ سرگودھا میں ضلعی تشخیص امراض حیوانات لیبارٹری کے زیرِ اہتمام ریبیز کے عالمی دن کے حوالے سے لائیو سٹاک کمپلیکس فیصل آباد روڈ میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔

سرگودھا ۔ 29 ستمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک ڈیری ڈیویلپمنٹ سرگودھا میں ضلعی تشخیص امراض حیوانات لیبارٹری کے زیرِ اہتمام ریبیز کے عالمی دن کے حوالے سے لائیو سٹاک کمپلیکس فیصل آباد روڈ میں آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (کوآرڈنیشن) سرگودھا محمد اشفاق خان تھے۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر نائلہ مقصود، تحصیلوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز، فیلڈ ویٹرنری افسران اور لائیوسٹاک فارمرز نے بھرپور شرکت کی۔ سیمینارکے شرکاء کو ریبیز (باؤلے پن) کی جان لیواء نوعیت اور اس کے پھیلاؤ کے اسباب پر تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر نائلہ مقصود نے کہا کہ حفاظتی تدابیر اور انسانوں اور مویشیوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے بر وقت ویکسینیشن، فوری فرسٹ ایڈ اور موثر حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نےکہاکہ بائولے پن سےآگاہی حاصل کرنی بہت ضروری ہے تاکہ ہم اس مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر نائلہ مقصود نےواضح کیاکہ جانوروں کی باقاعدہ ویکسینیشن اور بروقت تشخیصی اقدامات ہی کمیونٹی کو محفوظ رکھنے کا واحد پائیدار حل ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر عوامی آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے لیے ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں افسران، ماہرین اور فارمرز نے بھرپور شرکت کی۔

مزید خبریں