مذہبی سیاحت سے پاکستان خطیر زرمبادلہ کما سکتا ہے، سیف الرحمان

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان مذہبی سیاحت کی وسیع صلاحیت کو بروئے کار لا کر خطیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔

لاہور۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان مذہبی سیاحت کی وسیع صلاحیت کو بروئے کار لا کر خطیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ اتوار کو یہاں ضیا سنیکس اینڈ فیملی فوڈ پراڈکٹس کے زیر اہتمام ورچوئل اکانومی آف پاکستان کے موضوع پر گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی ورثے کو پائیدار معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کےلئے فوری عملی اقدامات، بہتر انفراسٹرکچر، تاریخی مقامات کے تحفظ اور زائرین کےلئے معیاری سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خیبرپختونخوا کے تقریباً 2 ہزار قدیم مذہبی مقامات، تقریبا500 ہندو مندر اور جین مت، بدھ مت اور سکھ مذہب سے وابستہ اہم تاریخی و مقدس مقامات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ہنگلاج ماتا میلے میں تقریبا 3ً لاکھ افراد کی شرکت بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے امکانات کی واضح مثال ہے۔ حکومت کو خصوصاً بدھ مت اور جین مت سے وابستہ مقامات کو عالمی سطح پر موثر انداز میں متعارف کرانا چاہیے تاکہ مذہبی سیاحت کو اقتصادی ترقی اور علاقائی ہم آہنگی کا ذریعہ بنایا جا سکے۔