مزاحیہ اداکار ننھا کی چالیسویں برسی کل منائی جائے گی

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار ننھا کی چالیسویں برسی (کل ) منگل 2 جون کو منائی جائے گی۔

لاہور۔1جون (اے پی پی):پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار ننھا کی چالیسویں برسی (کل ) منگل 2 جون کو منائی جائے گی۔دو عشروں تک لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ملک کے ممتاز کامیڈین رفیع خاورعرف ننھا نے پی ٹی وی کے معروف ڈرامے الف نون سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1966 میں فلم وطن کا سپاہی سے کیا، معروف پاکستانی فلم دبئی چلو نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ۔ان کی دیگر یادگار فلموں میں سوہرا تے جوائی ، سالا صاحب،نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی ،مہندی اور دیگر قابل ذکر ہیں ۔ ننھا 2جون1986کو خالق حقیقی سے جا ملے۔