مسابقتی کمیشن نے پاکستان میں لوٹے گروپ کی تنظیم نو سے متعلق پری مرجر درخواست کی منظوری دے دی

مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے جنوبی کوریا کے لوٹے گروپ (Lotte Group)کی داخلی تنظیمِ نو سے متعلق پری مرجر درخواست منظور کر لی ہے جس کے بعد گروپ کی پاکستان میں موجود کاروباری سرگرمیوں کی تنظیمِ نو کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پیر کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے قرار دیا کہ اس لین دین سے پاکستان کی خوراک اور مشروبات کی مارکیٹ میں مسابقت …

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے جنوبی کوریا کے لوٹے گروپ (Lotte Group)کی داخلی تنظیمِ نو سے متعلق پری مرجر درخواست منظور کر لی ہے جس کے بعد گروپ کی پاکستان میں موجود کاروباری سرگرمیوں کی تنظیمِ نو کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پیر کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے قرار دیا کہ اس لین دین سے پاکستان کی خوراک اور مشروبات کی مارکیٹ میں مسابقت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔

اس معاہدے کے تحت جاپان کی لوٹے کمپنی لمیٹڈ، سنگاپور میں قائم لوٹے کنفیکشنری (ایس ای اے) پرائیویٹ لمیٹڈ میں حصص لوٹے ویل فوڈ کمپنی لمیٹڈ سے حاصل کرے گی چونکہ مذکورہ کمپنی پاکستان میں لوٹے کولسن اور لوٹے اختر بیوریجز میں حصص رکھتی ہے، اس لیے مسابقتی ایکٹ 2010 کے تحت اس لین دین کے لیے سی سی پی سے پیشگی منظوری ضروری تھی۔کمیشن نے پہلے مرحلے کے مسابقتی جائزے کے بعد قرار دیا کہ یہ صرف لوٹے گروپ کے اندر ملکیتی ڈھانچے میں تبدیلی ہے جس سے پاکستان میں مارکیٹ کی ساخت یا مسابقتی ماحول میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

سی سی پی نے نشاندہی کی کہ حصص حاصل کرنے والی کمپنی پاکستان میں کنفیکشنری یا خوراک کے کاروبار میں براہِ راست سرگرم نہیں لہٰذا اس لین دین سے نہ تو مارکیٹ میں ارتکاز بڑھے گا اور نہ ہی کسی متعلقہ مارکیٹ میں اثرانداز ہو گی۔کمیشن نے پاستا، چیونگم، سنیکس، بسکٹ، کیکس اور مشروبات کی مارکیٹوں کا جائزہ لیا جبکہ پاکستان کو متعلقہ جغرافیائی مارکیٹ قرار دیا گیا۔ جائزے کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ اس لین دین کے بعد لوٹے کولسن اور لوٹے اختر بیوریجز کا مارکیٹ شیئر تبدیل نہیں ہوگا اور مسابقت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔

اس بنیاد پر کمیشن نے مسابقتی ایکٹ 2010 کی دفعہ 31(1)(d)(i) کے تحت اس حصول حصص کی منظوری دیتے ہوئے قرار دیا کہ اس سے مارکیٹ میں مسابقت میں کمی واقع نہیں ہوگی۔سی سی پی کے مطابق یہ فیصلہ سرمایہ کاری، کارپوریٹ تنظیمِ نو اور کاروباری توسیع کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات میں بروقت ریگولیٹری منظوری فراہم کر کے کاروبار میں آسانی کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ مسابقتی منڈیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔