رمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں
مسلح افواج قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

مزید خبریں
راولپنڈی۔22ستمبر (اے پی پی):آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا۔انہیں خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ملک اور اس کے عوام کے تحفظ کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا اعتراف کیا۔انہوں نے فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکنا رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیارات برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا







