مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور و وفاقی وزیر بین الصوبائی روابط سینیٹر رانا ثنا اللہ خاں (نشان امتیاز)نے چک نمبر 33ج ب میں سڑک کے اہم ترقیاتی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ خاں کا چک نمبر 33ج ب میں سڑک کے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور و وفاقی وزیر بین الصوبائی روابط سینیٹر رانا ثنا اللہ خاں (نشان امتیاز)نے چک نمبر 33ج ب میں سڑک کے اہم ترقیاتی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔اس منصوبے پر تقریباً 50ملین روپے لاگت آئے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعمیر و ترقی مسلم لیگ( ن )کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقی کا یہ سفر ان شا اللہ تعالی بلا تعطل جاری رہے گا اور حکومت عوام کی فلاح و بہبود، بہتر انفراسٹرکچر کی تشکیل اور بنیادی سہولیات کی دہلیز تک فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔تقریب کے دوران اہلِ علاقہ نے سڑک کے اس دیرینہ اور اہم ترقیاتی منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ خان کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے میاں اجمل آصف نے کہا کہ پنجاب حکومت دیہی عوام کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے چک نمبر33سے 30چک تک سڑک،اضافی آبادی میں بجلی کی فراہمی اور گرلز مڈل سکول کو ہائی سکول اپ گریڈیشن کے منصوبے کی بھی جلد یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین یونین کونسل 172میاں محمد فاروق نے چک نمبر 33ج۔ب میں سڑک کی تعمیر و افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثنا اللہ خان اور سابق ایم پی اے میاں اجمل آصف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ میاں محمد فاروق کا کہنا تھا کہ اس سڑک کی تعمیر سے علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت ملے گی اور دیرینہ عوامی مطالبہ پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں رہی ہے۔
چیئرمین یو سی نے مزید کہا کہ اس ترقیاتی منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور عوام کو سفر کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کا مستقل ازالہ ہو جائے گا۔آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی خدمت اور ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔اس موقع پر میاں اشفاق جنرل کونسلر،علی اکبرایس ایچ او ،رانا محسن، محمد نوید، محمد طیب سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔افتتاحی تقریب کا انعقاد چیئرمین یو سی 172میاں محمد فاروق کے ڈیرے پر کیا گیا، جہاں شرکا نے وفاقی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔







