مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 16.25 فیصد اضافہ
مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 16.25 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):مشینری گروپ کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 16.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران مشینری گروپ کی درآمدات پر 1.91 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 1.643 ارب ڈالر تھا۔
اگست 2026 میں مشینری گروپ کی درآمدات 865.51 ملین ڈالر رہیں، جو جولائی 2026 میں 1.05 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 751.56 ملین ڈالر تھیں۔ اس طرح اگست میں مشینری گروپ کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 15.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران بجلی کی پیداوار سے متعلق مشینری کی درآمدات پر 91 ملین ڈالر خرچ ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 90.19 ملین ڈالر تھے۔ اس طرح ان درآمدات میں 0.90 فیصد اضافہ ہوااسی طرح آفس مشینری کی درآمدات 29.12 فیصد اضافے کے بعد 106.90 ملین ڈالر ہو گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان کا حجم 82.79 ملین ڈالر تھا۔
ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں 14.43 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور ان کا حجم 97 ملین ڈالر سے کم ہو کر 83 ملین ڈالر رہ گیا،اعداد و شمار کے مطابق تعمیراتی اور کان کنی سے متعلق مشینری کی درآمدات 79.31 فیصد اضافے کے بعد 46.62 ملین ڈالر ہو گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان پر 26 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے۔برقی مشینری کی درآمدات میں 20.14 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا حجم 545.46 ملین ڈالر سے بڑھ کر 655.30 ملین ڈالر ہو گیا،
اسی طرح ٹیلی کام مشینری کی درآمدات 13.29 فیصد اضافے کے بعد 411.63 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ان کا حجم 363.33 ملین ڈالر تھا،رپورٹ کے مطابق زرعی مشینری کی درآمدات میں بھی اضافہ ہوا۔ جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ان کا حجم 24.29 ملین ڈالر رہاجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 17.62 ملین ڈالر تھا۔ اس طرح زرعی مشینری کی درآمدات میں 37.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔







