مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کی گورننس میں تقسیم اور انتشار سے بچنا انتہائی ضروری ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار
مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کی گورننس میں تقسیم اور انتشار سے بچنا انتہائی ضروری ہے، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار

مزید خبریں
نیویارک ۔24ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کی گورننس میں تقسیم اور انتشار سے بچنا انتہائی ضروری ہے،امتیازی ایجنڈے اور محدود نمائندگی پر مبنی غیر مساوی فورمز مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اے آئی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مصنوعی ذہانت کی ترقی کی رفتار چند لوگوں یا چند اداروں کے ذریعے طے کی جائے، جبکہ دوسروں کو پابندیوں کے ذریعے پیچھے رکھا جائے، تو آج کی عدم مساوات اور تقسیم مزید سنگین ہو جائے گی، اور اس کی حفاظتی حکمتِ عملی ٹیکنالوجی سے محرومی کی حکمتِ عملی میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
کیا یہ ایک بے قابو صورتحال نہیں ہوگی؟ انہوں نے کہا کہ اے آئی سب کے ذریعے تیار کی جائے گی، اس لیے اسے منظم کرنے سے متعلق فیصلے چند کمپنیوں یا چند دارالحکومتوں تک محدود نہیں رہنا چاہئیں۔اسی لیے مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس کی گورننس میں تقسیم اور انتشار سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔ امتیازی ایجنڈے اور محدود نمائندگی پر مبنی غیر مساوی فورمز مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ اے آئی کی ترقی اور اس کے استعمال سے متعلق تمام امور، نیز اس کے وسیع تر اثرات، کو جامع انداز میں ایسے نمائندہ اور جامع فورمز میں زیرِ غور لایا جانا چاہیے جہاں عالمی سطح پر سب کی شرکت ہو اور یہ عمل اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سال منعقد ہونے والے اے آئی گورننس سے متعلق اقوام متحدہ کے پہلے عالمی مکالمے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔






