مظفرآباد ڈویژن میں قانون سازاسمبلی کے حلقہ ایل اے27 کوٹلہ اور ایل اے 28 لچھراٹ میں 54 پولنگ سٹیشنزپر پولنگ شروع

"مظفرآباد ڈویژن میں قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-27 کوٹلہ اور ایل اے-28 لچھراٹ کے 54 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ شروع ہو گئی ہے، جہاں 2 اگست کو پولنگ نہیں ہو سکی تھی۔”

مظفرآباد۔4اگست (اے پی پی):مظفرآباد ڈویژن میں قانون سازاسمبلی کے حلقہ ایل اے27 کوٹلہ اور ایل اے 28 لچھراٹ میں 54 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ شروع ہو گئی ہے،یہاں 2 اگست کو پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 کوٹلہ میں کل رجسٹرڈ ووٹرز 107061 ہیں جبکہ 171 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔305 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔اس حلقہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار جاوید ایوب،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نورین عارف اور استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار سردار تبارک علی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔یہاں سے 2021 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار جاوید ایوب کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر میر عتیق الرحمن دوسرے اور نورین عارف تیسرے نمبر پر تھیں۔ایل اے 28 مظفر آباد 2 میں 120 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے بعد پیپلز پارٹی کے امیدوار سید بازل علی نقوی 19,029 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ( ن )لیگ کے امیدوارچوہدری شہزاد محمود 19,024 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔اس حلقہ میں 54 پولنگ سٹیشنز پر اتوار کو پولنگ نہیں ہوسکی تھی۔