چیئرمین ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن شعیب ایوب بٹالوی نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے برآمدات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، بجٹ 27 ۔ 2026 میں برآمد کنندگان کیلئے ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنانا ہوگا،
معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے برآمدات میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، شعیب ایوب بٹالوی

مزید خبریں
لاہور۔1جون (اے پی پی):چیئرمین ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن شعیب ایوب بٹالوی نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے برآمدات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، بجٹ 27 ۔ 2026 میں برآمد کنندگان کیلئے ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنانا ہوگا، مضبوط برآمدات ہی مضبوط معیشت کی ضمانت ہیں۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں بجٹ 27 ۔ 2026میں برآمدات بڑھانے کے لیے ضروری اصلاحات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور پائیدار ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ معاشی چیلنجز سے نکلنے کا سب سے موثر راستہ مضبوط ایکسپورٹ سیکٹر ہی ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔شعیب ایوب بٹالوی نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کا دارومدار برآمدات کے فروغ پر ہے، حکومت کو برآمدات بڑھانے کیلئے بنیادی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم مسئلہ برآمد کنندگان کو بیرونِ ملک سے موصول ہونے والی رقوم پر بینک چارجز، ڈاکومنٹیشن فیس، ایکسپورٹ فارم فیس، فنانشل انسٹرومنٹ چارجز اور دیگر کٹوتیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری بڑی رکاوٹ ٹیکسوں کا غیر معمولی بوجھ ہے ۔شپنگ لائنز، ایئر لائنز اور لاجسٹکس سیکٹر میں بھی تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بجٹ 2026-27میں ایکسپورٹ ریمیٹنس پر بینکوں کی کٹوتیوں اور ایکسچینج ریٹ کے نظام کا جائزہ لے، ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنایا جائے۔شپنگ لائنز، ایئر لائنز اور لاجسٹکس سیکٹر میں موثر چیک اینڈ بیلنس قائم کیا جائے،کسٹمز اور بینکاری کے عمل کو تیز، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جائے، چھوٹے اور ای کامرس ایکسپورٹرز کو خصوصی مراعات اور آسانیاں فراہم کی جائیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر ان بنیادی مسائل کو حل کر لیا جائے تو پاکستان کی ایکسپورٹس میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گااور ملکی معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ درآمدات پر انحصار کم اور ایکسپورٹس پر توجہ زیادہ دینی ہوگی، کیونکہ مضبوط ایکسپورٹس ہی مضبوط معیشت کی ضمانت ہیں۔








