معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس میں ایک بار پھر غیرمشروط معافی کی استدعا

اسلام آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس میں ایک بارپھر غیرمشروط معافی کی استدعا کی ہے جبکہ عدالت نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر غلام سرور خان کے خلاف دائر توہین عدالت کیسز کی اکٹھی سماعت کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 14نومبر تک ملتوی کر …

اسلام آباد ۔ 11 نومبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس میں ایک بارپھر غیرمشروط معافی کی استدعا کی ہے جبکہ عدالت نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر غلام سرور خان کے خلاف دائر توہین عدالت کیسز کی اکٹھی سماعت کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 14نومبر تک ملتوی کر دی۔ پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد اطہرمن اللہ نے کیسز کی سماعت کی۔ وفاقی وزیرغلام سرورکے خلاف توہین عدالت کی درخواست پرسماعت کے دوران درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ وفاقی وزیر نے نوازشریف کی رہائی کو ڈیل کا حصہ قراردیا اور زیرسماعت کیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ چیف جسٹس نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو روسٹرم پربلایا اور کہا کہ ایک وفاقی وزیرجھوٹی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا کیسے کہہ سکتا ہے، حکومت اپنے بنائے گئے میڈیکل بورڈ سے متعلق ایسی بات کررہی ہے، کیا حکومت خود اداروں پرعدم اعتماد کا اظہارکررہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ حکومتی پالیسی نہیں، وزیر کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے، معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب زیرسماعت کیسز پر بات کریںگے تواس کا اثر تمام سائلین پرآئے گا، حکومت نے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ عدالت نے وفاقی وزیرغلام سرورخان سے 14نومبرتک جواب طلب کرلیا اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے توہین عدالت نوٹس کی سماعت بھی اسی روز رکھنے کی ہدایت کی۔ معاون خصوصی نے دونوں نوٹس الگ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ غلام سرورخان کا بیان ان کا انفرادی فعل ہے، انکا کیس الگ رکھیں۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ فردوس عاشق اعوان نے سرکاری سطح پر پریس کانفرنس کی، غلام سرورخان نے بھی بیان دیا، اس لیے کیس اکٹھا سنیں گے۔

مزید خبریں