اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح سے بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، ان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خطاب ہر پاکستانی کی زبان پر ہے، امن کی خواہش ہماری …
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح سے بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے پاکستان کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، ان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خطاب ہر پاکستانی کی زبان پر ہے، امن کی خواہش ہماری کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے، ہمارا ایک ذمہ دار ریاست کا کردار ہے ، دنیا کو اپنی طرف متوجہ کرا کے نظرانداز شدہ ایشوکو زندہ کر کے وزیر اعظم اپنی منزل کی طرف چل رہے ہیں، 5 فروری کا دن اپنے اتحاد اور یک جہتی کو طاقت بنا کر کشمیریوں کو طاقتور بنانے کا دن ہے، یہ دن اس امر کا اعلان ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر کی عوام کو جائز اور پیدائشی حق کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا، جب تک اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا استصواب رائے کا حق نہیں ملتا، پاکستان ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا، بحیثیت قوم ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے ، کشمیر کاز پر ہم سب یک زبان ہیں، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کیلئے حکومت اپنا کرداربھرپور انداز ادا کر رہی ہے۔ بدھ کو یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پی ٹی وی کے پروگرام ”گریٹ ڈیبیٹ “ میں اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوان مستقبل کے معمار اور نئے پاکستان کی تعمیر وترقی کیلئے پر عزم ہیں، وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کا ہر اول دستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی 22 کروڑ پاکستانی عوام کے جذبات اور احساسات کی آواز کشمیریوں تک پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دشمن کو ملیا میٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پلوامہ کے بعد پاک فضائیہ نے جسطرح سے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا یا، دشمن اس جواب سے لرز گیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے بیانیے میں کوئی تقسیم نہیں ہے، اپنے بچوں کو بھی اتحاد کی تربیت دینے کی ضرورت ہے، پوری قوم یک زبان ہو کر مقبوضہ وادی میں بیٹھے جبر اور استحصال کا شکار بہن بھائیوں کو یک جہتی کا پیغام دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی دہشت گردی، ان کی مکارانہ پالیسیوں، بھارت کا بین الاقوامی فورمز پر دنیا کو گمراہ کرنے کا ایجنڈا ناکام بنانا ہمارا ہدف ہے، بحیثیت قوم ہم بھارت کی تمام دہشت گرد اور سیاہ کاریوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور کشمیریوں کو کسی طرح تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ ہمارا وجود کا رشتہ ہے، 80 لاکھ کشمیریوں کو آٹھ لاکھ بھارتی افواج نے یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت نے دنیا میں معیشت پر مبنی بیانیہ متعارف کرایا ہوا ہے ،دنیا مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں کردار ادا کرنے کی بجائے اپنی معیشت کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) زیادہ سے زیادہ مضبوط ہو اور اس کا آزادانہ کردار بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے خطے میں ایک حکمت عملی ہے، موجودہ حکومت پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 5 فروری کا دن پاکستان اور کشمیریوں کیلئے یکساں اہمیت کا حامل ہے، اس دن ہم مقبوضہ کشمیر کے غیرت مند، بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں، یہ دن ہمارے جذبوں کے اظہار کا دن ہے ، جب تک اقوم متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا استصواب رائے کا حق نہیں ملتا، پاکستان ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔ یہ دن کشمیری شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے آزادی کیلئے اپنی زندگیاں قربان کیں، یہ شہداءہم سب کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے آخر میں کشمیر کی آزادی اور شہداءکے بلند درجات کیلئے دعا کی۔








