فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):زرعی ماہرین نے معتدل و خشک موسم کو پیاز کی زیادہ پیداوار کےلئے موزوں قرار دیتے ہوئے کاشتکاروں کو نرسری نومبر کے آخر تک کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے ،پیاز کی نرسری پر کورے کا بہت کم اثر ہوتاہے جس کے باعث پودوں کی کھیت میں منتقلی دسمبر اور جنوری میں کی جاسکتی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک ایکڑ رقبے …
معتدل و خشک موسم پیاز کی زیادہ پیداوار کےلئے موزوں ،کاشتکار نرسری نومبر کے آخر تک کاشت کر لیں،ماہرین زراعت
فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):زرعی ماہرین نے معتدل و خشک موسم کو پیاز کی زیادہ پیداوار کےلئے موزوں قرار دیتے ہوئے کاشتکاروں کو نرسری نومبر کے آخر تک کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے ،پیاز کی نرسری پر کورے کا بہت کم اثر ہوتاہے جس کے باعث پودوں کی کھیت میں منتقلی دسمبر اور جنوری میں کی جاسکتی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک ایکڑ رقبے پر پیاز کی کاشت کےلئے پنیری تیار کرنے کےلئے3 کلوگرام بیج اور 4سے 5 مرلے زمین درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بیج بونے کے بعد سرکنڈہ یا پرالی وغیرہ سے ڈھانپ دیا جائے اور فوارے سے اس طرح آبپاشی کی جائے کہ پانی کیاریوں میں کھڑا بھی نہ ہو اور نمی بھی برقرار رہے۔
انہوں نے کہاکہ پنیری کے قریب اگر کیڑوں کے گھر ہوں توان کا فوراََ سدباب کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پنیری کے اگاؤ کے فوراََ بعد شام کے وقت سرکنڈہ وغیرہ ہٹا دیا جائے اور کھیت میں نرسری تبدیل کرنے سے کچھ دن پہلے پانی روک دیا جائے تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے۔
انہوں نے کہاکہ پنیری کی منتقلی کے ایک دن بعد اس پر مناسب جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ اس فصل کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنا، مٹی چڑھانا اورایک بوری پوٹاش ڈالنا بے حد ضروری ہے کیونکہ اس فصل سے زمیندار کو زیادہ قیمت ملتی ہے۔









