معذور افراد کے لئے عوامی مقامات اور خدمات تک رسائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے،صدرِ آصف علی زرداری کا عالمی یومِ تحفظِ سفید چھڑی پر پیغام
معذور افراد کے لئے عوامی مقامات اور خدمات تک رسائی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے،صدرِ آصف علی زرداری کا عالمی یومِ تحفظِ سفید چھڑی پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معذور افراد کے لئے عوامی مقامات اور خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ معذور افراد کی معاشرے میں بھرپور شرکت کے لئے محفوظ سڑکیں، فٹ پاتھ، قابلِ رسائی پبلک ٹرانسپورٹ، عمارتیں، تعلیمی ادارے اور کام کی جگہیں ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 15 اکتوبر کو منایا جا رہا ہے ۔
صدرِ مملکت نے بصارت سے محروم اور جزوی بینائی رکھنے والے افراد، ان کے اہلِخانہ اور ان کی فلاح و بہبود اور انہیں با اختیار بنانے کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔صدرِ مملکت نے کہا کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لئے نقل و حرکت کا ایک اہم ذریعہ ہے جو انہیں محفوظ اور آزادانہ طور پر چلنے پھرنے میں معاونت فراہم کرتی ہے، اس کے ذریعے تعلیم، روزگار، عوامی خدمات اور روزمرہ زندگی کے دیگر شعبوں تک رسائی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادانہ نقل و حرکت کا انحصار اس ماحول پر بھی ہے جس میں لوگ رہتے ہیں، معذور افراد کی معاشرے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے محفوظ سڑکیں، فٹ پاتھ، قابلِ رسائی پبلک ٹرانسپورٹ، عمارتیں، تعلیمی ادارے اور کام کی جگہیں ضروری ہیں۔صدرِ مملکت نے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈی) کے قیام پرحکومت سندھ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ معذور افراد کی بحالی، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی طور پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں بھی اسی نوعیت کے مخصوص ادارہ جاتی انتظامات معذوری سے متعلق امور پر مسلسل اور مربوط توجہ یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت بصارت سے محروم افراد کے لئے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں تاہم سفید چھڑی آزادانہ نقل و حرکت کے لئے بدستور ایک سادہ، قابلِ اعتماد اور ضروری ذریعہ ہے۔
صدرِ مملکت نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بصارت سے محروم افراد کے حقوق، تحفظ اور خودمختاری کے فروغ کے لئے جاری کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر انہوں نے عوامی مقامات اور خدمات تک رسائی پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا تاکہ معذور افراد آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکیں، دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور معاشرتی زندگی میں بھرپور شرکت کر سکیں۔







