ہندی اور مراٹھی سینما کےمعروف اداکار نانا پاٹیکر جمعرات کی صبح 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر انتقال کر گئے

مزید خبریں
گوا۔8اکتوبر (اے پی پی):ہندی اور مراٹھی سینما کےمعروف اداکار نانا پاٹیکر جمعرات کی صبح 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی اخبار انقلاب کی رپورٹ کے مطابق وہ بھارتی ریاست گوا کے علاقے ڈونا پائولا میں اپنے گھر میں موجود تھے جہاں ان کو سینے میں درد کی شکایت کی اطلاع موصول ہو نے پر طبی عملہ کی طرف سے ان کے دل کی دھڑکن بحال کرنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد ان کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کی طرف سے ان کی جان بچانے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔ نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت کی حقیقی وجہ جاننے کے لئے ان کی میت کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشوا ناتھ پاٹیکر تھا۔ وہ یکم جنوری 1951 کو پیدا ہوئے ۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔ انہوں نے تقریباً نصف صدی تک ہندی اور مراٹھی فلموں میں کام کیا ان کی اداکاری میں مکالموں کی مخصوص ادائیگی، شدید جذبات اور کردار کے اندر اتر جانے کا انداز نمایاں رہا۔ انہوں نے فلموں کے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری اور سکرین رائٹنگ کا کا م بھی کیا۔ ان کی فلموں میں پراہار، ترنگا، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، خاموشی، دی میوزیکل، اب تک چھپن، ویلکم، نٹسرات ، راجنیتی، غلام مصطفیٰ، اور شاگرد خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی میں تین قومی فلم ایوارڈ اور کئی فن فیئر ایوارڈ حاصل کیے۔انہوں نے رواں سال بھی ایکشن ڈراما صوبیدار میں کام کیا ۔







