معروف شاعر و صحافی منو بھائی کی ساتویں برسی پر یادگاری سیمینار کا انعقاد

140
معروف شاعر و صحافی منو بھائی کی ساتویں برسی پر یادگاری سیمینار کا انعقاد

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):معروف شاعر، صحافی اور ڈرامہ نگار منو بھائی کی ساتویں برسی کے موقع پر سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک یادگاری سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، وزیر برائے سپشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، نامور صحافی مجیب الرحمان شامی، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، نامورصحافی مزمل سہروردی، پنجابی شاعر و صحافی بابا نجمی، خاور نعیم ہاشمی، طاہر سرور میر، ناصر بشیر، ڈاکٹر سعید گیلانی، شعیب ملک اور مختلف سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

سیمینار کے دوران منو بھائی کی ادبی خدمات اور انسانیت کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے ان کی شخصیت کو اردو ادب، صحافت اور ڈرامہ نگاری میں ایک رہنما کے طور پر سراہا اور سندس فاؤنڈیشن کے قیام میں ان کے کردار کو خاص طور پر اجاگر کیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ منو بھائی نے نہ صرف ادب اور صحافت کے ذریعے معاشرتی شعور بیدار کیا بلکہ سندس فاؤنڈیشن کے ذریعے دکھی انسانیت کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ قابلِ تقلید ہیں ، ان کے کام بھی بڑے تھے ان کی تحریر بھی بڑی تھی ، وہ انسانیت دوست اور ہر لحاظ سے ایک اچھے انسان تھے۔

محمد احمد خان نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن کا کام بہت اچھا ہے اور اس ادارے کو حکومتی سرپرستی دلوانا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل میں اتنی بڑی تعداد میں مریض بچوں کو مینج کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہسپتال میں سندس فاؤنڈیشن کے سپیشل کاونٹرز بننے چاہیں۔ ۔وزیر برائے سپشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ منو بھائی کا خواب ایک ایسا معاشرہ تھا جہاں ہر انسان کو بنیادی صحت کی سہولیات میسر ہوں، سندس فاؤنڈیشن ان کے اس خواب کو عملی جامہ پہنانے میں کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے سندس فاؤنڈیشن اور منو بھائی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ سیمینار سے سینئر صحافی و کالم نگار مجیب الرحمن شامی، ارشد انصاری، مظہربرلاس،خاور نعیم ہاشمی،مزمل سہردوری اور بابا نجمی نے بھی خطاب کیا ۔سندس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر خالد عباس ڈار نے حاضرین کا سیمینار میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے اختتام پر منو بھائی کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی ۔