معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی فتح نے پاکستان کوناقابل تسخیرثابت کردیا، قوم افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتی ہے،مولانا عبدالخبیر آزاد

معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی فتح نے پاکستان کوناقابل تسخیرثابت کردیا، قوم افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتی ہے،مولانا عبدالخبیر آزاد

فیصل آباد۔ 06 مئی (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کی عظیم تاریخی فتح نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ریاست ہے۔ پوری قوم شہدا پاکستان اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جبکہ امت مسلمہ کے عظیم سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرکے اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان پر اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے اور اس کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم یوم فتح جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ وہ بدھ کو چناب کلب فیصل آباد میں منعقدہ ”معرکہ حق بنیان مرصوص و استحکام پاکستان کانفرنس“ سے خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس کا انعقاد فتح معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے، مشرق وسطیٰ کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرنے، قومی یکجہتی، استحکامِ پاکستان، بین المذاہب ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کے فروغ کے سلسلے میں کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی جبکہ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) ندیم ناصر، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف شوکت اقبال سمیت ضلعی و ڈویڑنل امن کمیٹی کے اراکین، مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مشائخ عظام، مسیحی مذہبی رہنما، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اپنے صدارتی خطاب میں مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جو لاکھوں مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا مضبوط قلعہ ہے اور اس کا دفاع ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی قیادت اور افواج پاکستان پر فخر ہے جنہوں نے وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بھارت نے پہلگام ڈرامہ صرف پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے مذموم عزائم کے تحت رچایا، تاہم پاکستان نے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن بڑا عیار اور مکار ہے مگر پاکستانی قوم اس کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہے اور آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی مدبرانہ عسکری قیادت اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی سیاسی بصیرت نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے وقار کو بلند کیا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ کشیدگی کے خاتمے اور امن مذاکرات کے حوالے سے وزیر اعظم اور عسکری قیادت کے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر امن کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص اللہ تعالیٰ کی خصوصی نصرت اور انعام ہے جس پر پوری قوم سجدہ شکر بجا لاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا ثمر ہے اور یہی عناصر پاکستان کی بقا اور ترقی کی ضمانت ہیں۔ کانفرنس سے مفتی ضیاء مدنی، پیر قاضی عبدالغفار قادری، مفتی فتح محمد راشدی، علامہ محمد ریاض کھرل، پیر سعادت علی شاہ، مفتی عبدالمعید اسد لدھیانوی، بشپ اندریاس رحمت، فادر خالد رشید، فادر یعقوب یوسف، مولانا محمد یوسف، مولانا اسلم ساقی، مولانا عبدالغفار، مولانا سکندر حیات ذکی، ڈاکٹر عبدالحفیظ، قاری خلیل احمد سالک، مولانا عبدالستار نیازی، علامہ سجاد حسین جوادی، علامہ ارشد عابدی، علامہ حیدر علی نجفی، مفتی محمد احمد، مولانا عبیداللہ قادری، صاحبزادہ سید محمد عبدالبصیر آزاد، پیر محمد شاہ حسین محمد اور دیگر علماء و مذہبی رہنما ئوں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے تمام علماء کرام، مذاہب عالم کے راہنما اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہر سازش کو اتحاد و اتفاق کی قوت سے ناکام بنایا جائے گا اور مودی کا ناپاک ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر تمام شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہاریکجہتی کیا، سبز ہلالی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور ”پاکستان زندہ باد“، ”افواج پاکستان پائندہ باد“ اور ”اسلام زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، استحکام پاکستان، حرمین شریفین کے تحفظ، عالم اسلام کے اتحاد، بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر و غزہ فلسطین کی آزادی اور ایران کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔