معرکہ حق میں بے مثال جرأت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نعیم اختر خان بھابھہ

معرکہ حق میں بے مثال جرأت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نعیم اختر خان بھابھہ

ملتان۔ 06 مئی (اے پی پی):سابق وزیر زراعت پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ معرکہ حق سیاسی و عسکری کامیابی کیساتھ قومی عزم ،حوصلے اور اتحاد کی روشن مثال بھی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرک حق بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پرجاری جشن فتح پر بدھ کو یہاں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور اپنی سرزمین کا دفاع شاندار انداز میں کیا، بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی،ملکی امن اور استحکام کے لیے پاک فوج نے دلیری سے جوابی کارروائی کی،بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر لگایا، بھارت کے الزام تراشی کے اقدامات سیاسی اہداف پرمبنی تھے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں افواج پاکستان نے ملک کا بھرپور دفاع کیا، پاکستان نے بھارت کے لڑاکا طیارے مار گرائے،ایئرچیف مارشل کی قیادت میں شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا،پاکستان نے اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا،معرکہ حق میں دشمن کو واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں آزادی کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے،تنازع کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدارامن ممکن نہیں ہے۔

نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ معرکہ حق ایک ایسا لمحہ جسے پوری قوم فخر اور وقار کے ساتھ یاد کرتی ہے،فتح معرکہ حق بنیان مرصوص ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم پرجوش ہے،معرکہ حق میں جیت ہمارے لئے خوشی کا مقام ہے،معرکہ حق میں کامیابی پر پوری قوم اللہ تعالی کی شکر گزار ہے کہ خالق کائنات نے پاکستان کو ازلی دشمن پر فتح عطا فرمائی، اس کامیابی کے بعد پاکستان پوری دنیا کے امن کے لئے کردار ادا کررہا ہے،معرکہ حق میں بے مثال جرأت اور کامیابی پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔سابق وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ معرکہ حق کی عظیم فتح کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی بصیرت، موثر حکمتِ عملی اور فعال سفارتکاری نے ملک کو عالمی سطح پر ایک ممتاز اور باوقار مقام دلایا ہے،معرکہ حق دراصل 2025 میں ہونے والے پاک۔

بھارت تنازع کے دوران پاکستان کی کامیاب عسکری کارروائیوں کی علامت ہے،جسے بعد ازاں عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی مضبوط پوزیشن کو ظاہر کرتی ہے۔

نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال میں انتہائی دانشمندانہ فیصلے کیے،حالیہ سفارتی سرگرمیوں میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک ذمہ دار اور موثر ثالث کا کردار ادا کیا، جس کی مثال وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ہونے والے اہم مذاکرات ہیں، جہاں عالمی قوتوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موثر سفارتکاری کے نتیجے میں پاکستان نہ صرف خطے میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ عالمی برادری میں بھی اس کی ساکھ مزید مضبوط ہوئی ہے،پاکستان کی خارجہ پالیسی میں توازن، خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ واضح طور پر نظر آتا ہے۔

ممبر صوبائی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی انتہائی ضروری ہےاور حالیہ کامیابیاں اسی مشترکہ وژن کا نتیجہ ہیں،اگر یہی تسلسل برقرار رکھا جائے تو پاکستان مستقبل میں مزید معاشی، سفارتی اور دفاعی کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اتحاد،محنت اور قومی یکجہتی کو فروغ دے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور پاکستان عالمی سطح پر مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکے۔