معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان بزنس فورم کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین
معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان بزنس فورم کا افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم نے معرکۂ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی دفاعی خدمات کو سراہا ہے۔
چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے "اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی میں پاکستان کی مسلح افواج نے مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی آج بھی دنیا کے عسکری اداروں میں زیرِ بحث ہے۔
احمد جواد نے خبردار کیا کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا پہلے سے زیادہ سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پاکستان کے لئے ناقابلِ قبول ہو گی۔
احمد جواد نے مزید کہا کہ پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین پنجاب ملک طلعت سہیل، چیئرمین سندھ ملک خدا بخش اور خیبر پختونخوا کے چئیرمین اشفاق پراچہ نے بھی افواجِ پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملک کی جغرافیائی بلکہ نظریاتی سرحدوں کے تحفظ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان بزنس فورم کے رہنماؤں نے خطہ میں کشیدگی بڑھانے کی کسی بھی کوشش کی مذمت کی اور زور دیا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں تاہم قومی خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان بزنس فورم کے عہدیداران نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں جبکہ غازیوں کی بہادری بھی قابل فخر ہے۔ پاکستان بزنس فورم کے رہنماؤں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔








