معلومات تک رسائی شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہےمستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے،سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہےمستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے، آئینِ پاکستان شہریوں کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے ۔

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہےمستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے، آئینِ پاکستان شہریوں کو عوامی اہمیت کے تمام معاملات میں معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے معلومات تک بروقت رسائی ناگزیر ہے۔پارلیمان قانون سازی اور مؤثر نگرانی کے ذریعے معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، درست معلومات باخبر فیصلے کرنے اور اداروں کو جوابدہ بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے معلومات تک رسائی کو پہلے سے زیادہ آسان بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی، گمراہ کن اور غیر مصدقہ معلومات کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، مستند معلومات کی بروقت فراہمی گمراہ کن معلومات کے تدارک میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے تدارک کے لیے اداروں، میڈیا اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا، معلومات تک رسائی عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ مستند معلومات کی فراہمی جمہوری عمل، شفاف حکمرانی اور مؤثر عوامی شمولیت کے لیے ناگزیر ہے۔