ضلعی انتظامیہ ملتان نے جعلی اور غیر معیاری کھاد تیار کرنے والے مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کارروائی مزید تیز کردی۔ اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے وہاب کاٹن فیکٹری پر اچانک چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر کھاد تیار کیے جانے کا انکشاف کیا
ملتان،جعلی کھاد مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن ،وہاب کاٹن فیکٹری سیل مقدمہ درج

مزید خبریں
ملتان ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ملتان نے جعلی اور غیر معیاری کھاد تیار کرنے والے مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے کارروائی مزید تیز کردی۔ اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے وہاب کاٹن فیکٹری پر اچانک چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر کھاد تیار کیے جانے کا انکشاف کیا۔ چھاپے کے دوران فیکٹری میں غیر قانونی طریقے سے کھاد کی تیاری جاری تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کھاد کی تیاری میں استعمال ہونے والا تمام میٹریل قبضے میں لے لیا جبکہ فیکٹری کو موقع پر ہی سیل کردیا گیا۔ فیکٹری انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر معیاری اور جعلی کھاد کی تیاری و فروخت کے ذریعے کاشتکاروں کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا کہ زرعی شعبے میں استعمال ہونے والی کھاد کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ اور فیکٹریوں کی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا کہ غیر معیاری اور غیر قانونی کھاد کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسانوں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے کہا کہ غیر قانونی کھاد کے کاروبار کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ کاشتکاروں کو جعلی اور غیر معیاری کھاد سے محفوظ رکھا جا سکے۔







