ملتان :محکمہ زراعت کی کارروائی،9 کروڑ 86لاکھ روپے سے زائد مالیت کاسمگل شدہ سلفر برآمد، دو ملزمان گرفتار

ملتان۔ 24 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 9 کروڑ 86لاکھ62500روپے مالیت کا65ہزار کلو گرام سمگل شدہ سلفر برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر جعلی زرعی مداخل تیار و فروخت کرنے والے مافیا کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور …

ملتان۔ 24 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 9 کروڑ 86لاکھ62500روپے مالیت کا65ہزار کلو گرام سمگل شدہ سلفر برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر جعلی زرعی مداخل تیار و فروخت کرنے والے مافیا کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور ایسے کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

اس سلسلہ میں جمعہ کے روز اسسٹنٹ کمشنر سیمل مشتاق کی سربراہی میں محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی ٹیم نے پولیس تھانہ مخدوم رشید کے ہمراہ وہاڑی روڈ پر بابر چوک کے قریب ایک نجی آئل انڈسٹری کے گودام پر چھاپہ مارا۔ٹیم نے سمگلڈ سلفر کی خرید و فروخت میں ملوث فدا خان نامی شخص سے رابطہ کیا اور اس سے غیر قانونی سلفر کی ڈیمانڈ کی گئی جس پر ملزم فدا خان نے محمد نعیم اور محمد یاسر سے رابطہ کروایا ،جنہوں نے غیر قانونی سلفر بطور سیمپل دیکھانے کیلئے مذکورہ جگہ پر بلوایا۔

چھاپہ کے دوران نجی آئل انڈسٹری کے احاطہ سے بغیر رجسٹرڈ غیر قانونی سلفر کے 25کلوگرام والے 2631 بیگ جن کا وزن 65 ہزار 775 کلو گرام اور مالیت 9 کروڑ 86 لاکھ 62500 روپے بنتی ہے ،برآمد ہوئے۔ موقع سے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ بغیر رجسٹرڈ سلفر کی بابت مذکورہ آئل انڈسٹری کے لیگل ایڈوائزر سے دریافت کیا تو اس نے اپنی تحریر میں بتایا کہ یہ سارا مال فدا خان کا ہے اور اس کی خرید و فروخت کا کام وہ خود یا اس کے منشی محمد نعیم اور محمد یاسر کرتے ہیں۔

مذکورہ گرفتار ملزمان غیر رجسٹرڈ سلفر بارے رجسٹریشن یا کسی بھی قسم کی دستاویزات نہ دکھا سکے، جس پر پیسٹی سائیڈ انسپکٹر سید عصمت حسین بخاری نے تمام تر زرعی زہروں کو قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کیا ، پیسٹی سائیڈز آرڈیننس 1971،رولز 1973 پنجاب ترمیم شدہ ایکٹ 2012ء اور رولز 2018ءکی سیکشن چار کے تحت زرعی زہروں کو بغیر رجسٹریشن امپورٹ کرنا، رکھنا اورفروخت کرنا قانوناً جرم ہے۔ملزمان فدا خان ولد حاجی محمد مالک، محمد نعیم اور محمد یاسر کے خلاف تھانہ مخدوم رشید میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے استغاثہ دائر کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں