ملکی برآمدات میں دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7.7 فیصد ،درآمدات میں 14.6 فیصد اضافہ

ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7.7 فیصد جبکہ درآمدات میں 14.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 7.7 فیصد جبکہ درآمدات میں 14.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 5.49 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 5.10 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7.7 فیصد زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 میں ملکی برآمدات کا حجم 2.542 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2026 کے 2.951 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13.9 فیصد کم جبکہ گزشتہ سال اگست کے 2.416 ارب ڈالر کے مقابلے میں 5.2 فیصد زیادہ ہے۔

دوسری جانب جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی درآمدات کا حجم 12.745 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 11.125 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14.6 فیصد زیادہ ہے۔اگست میں درآمدات کا حجم 5.848 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی کے 6.89 ارب ڈالر کے مقابلے میں 15.2 فیصد کم جبکہ گزشتہ سال اگست کے 5.288 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10.6 فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی اشیائ کا تجارتی خسارہ 7.252 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.026 ارب ڈالر کے مقابلے میں 20.3 فیصد زیادہ ہے۔ اگست میں تجارتی خسارے کا حجم 3.30 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی کے 3.94 ارب ڈالر کے مقابلے میں 16.3 فیصد کم جبکہ گزشتہ سال اگست کے 2.872 ارب ڈالر کے مقابلے میں 15.1 فیصد زیادہ ہے۔