ملکی برآمدات میں پہلی سہ ماہی کے دوران 11.1 فیصد اضافہ، درآمدات 13.2 فیصد بڑھ گئیں

ملکی برآمدات میں پہلی سہ ماہی کے دوران 11.1 فیصد اضافہ، درآمدات 13.2 فیصد بڑھ گئیں

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر 11.1 فیصد جبکہ درآمدات میں 13.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس عرصے میں تجارتی خسارہ 10.74 ارب ڈالر رہا۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال27۔2026کی پہلی سہ ماہی میں ملکی برآمدات کا حجم 8.445 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 7.599 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11.1 فیصد زیادہ ہے۔ستمبر 2026 کے دوران ملکی برآمدات 2.961 ارب ڈالر رہیں، جو اگست کے 2.532 ارب ڈالر کے مقابلے میں 16.9 فیصد جبکہ گزشتہ سال ستمبر کے 2.499 ارب ڈالر کے مقابلے میں 18.5 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملکی درآمدات کا حجم 19.21 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 16.97 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13.2 فیصد زیادہ ہے۔ستمبر 2026 کے دوران درآمدات پر 6.49 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، جو اگست کے 5.824 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11.5 فیصد جبکہ گزشتہ سال ستمبر کے 5.848 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارہ10.76 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.374 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14.9 فیصد زیادہ ہے۔اسی طرح ستمبر 2026 میں تجارتی خسارے کا حجم 3.53 ارب ڈالر رہا، جو اگست کے 3.29 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7.3 فیصد جبکہ گزشتہ سال ستمبر کے 3.34 ارب ڈالر کے مقابلے میں 5.5 فیصد زیادہ ہے۔