ملک بھر کے منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران 2 کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
ملک بھر میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم اختتام پذیر، 2 کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):ملک بھر کے منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے دوران 2 کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔نیشنل ای او سی کے مطابق مہم میں 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد مرد و خواتین پولیو ورکرز نے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ ستمبر کی ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی گئی۔نیشنل ای او سی کے مطابق ملک بھر کے 112 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہی تاہم پنجاب کے تین اضلاع مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں مہم مؤخر کی گئی۔صوبائی سطح پر مہم کے دوران پنجاب کے 10 منتخب اضلاع میں 80 لاکھ 64 ہزار سے زائد، سندھ کے 30 منتخب اضلاع میں ایک کروڑ ایک لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں 71 لاکھ 94 ہزار سے زائد اور بلوچستان کے 32 منتخب اضلاع میں 23 لاکھ 10 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔نیشنل ای او سی کے مطابق اسلام آباد میں 4 لاکھ 43 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان کے دو منتخب اضلاع میں تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔نیشنل ای او سی نے کامیاب مہم کے انعقاد میں پولیو ورکرز، والدین اور کمیونٹی کے بھرپور تعاون پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ نیشنل ای او سی نے صوبائی و ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا۔نیشنل ای او سی نے شراکت دار اداروں اور میڈیا کے مؤثر تعاون اور معاون کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔نیشنل ای او سی نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو ہر پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کا مکمل کورس بھی بروقت مکمل کرائیں۔







