ملک مزید کسی افرا تفری اور سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، محمد ہمایوں خان

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ ملک مزید کسی افرا تفری اور سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، سیاسی قیادت قومی مفاد کو ترجیح دے۔تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر ردعمل دیتے ہوئے محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، روزگار اور بنیادی سہولیات چاہتے ہیں

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ ملک مزید کسی افرا تفری اور سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، سیاسی قیادت قومی مفاد کو ترجیح دے۔تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر ردعمل دیتے ہوئے محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، روزگار اور بنیادی سہولیات چاہتے ہیں، سیاسی محاذ آرائی نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف لانگ مارچ کی سیاست چھوڑ کر خیبرپختونخوا کے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل عوام کی امانت ہیں، انہیں سیاسی سرگرمیوں کے بجائے عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے،صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے، حکومت سیاسی سرگرمیوں کے بجائے عوام کے تحفظ کو ترجیح دے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بدامنی، معاشی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے،لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست کے ذریعے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔

محمد ہمایوں خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے تاجر کاروباری مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت کاروبار کے تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدامات کرے، سرکاری ملازمین کے احتجاج اور مطالبات کو نظرانداز کرنے کے بجائے سنجیدگی سے حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں، عوام کو سیاسی نعروں کے بجائے ریلیف چاہئے، صوبے کے وسائل عوامی مسائل حل کرنے کے لئے استعمال ہونے چاہئیں، سیاسی مقاصد کے لئے نہیں۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ سیاسی الزامات اور کیچڑ اچھالنے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، تحریک انصاف اپنی حکومتی کارکردگی پر توجہ دے، خیبرپختونخوا میں امن و استحکام کے بغیر ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں،سیاسی اختلافات کا حل تصادم نہیں بلکہ آئین، پارلیمان اور سنجیدہ مذاکرات ہیں۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی مفاہمت، جمہوری استحکام اور عوامی ریلیف پر یقین رکھتی ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کو مزید انتشار نہیں بلکہ عملی اقدامات درکار ہیں۔