ملک میں بسوں اور ٹرکوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 82 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملک میں بسوں اور ٹرکوں کی فروخت میں 82 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):ملک میں بسوں اور ٹرکوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 82 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے فروری 2026 تک کی مدت میں ملک میں 5 ہزار 296 یونٹس بسوں اور ٹرکوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اس مدت کے 2ہزار 905 یونٹ کے مقابلے میں 82 فیصد زیادہ ہے۔
فروری میں ملک میں 664 یونٹس بسوں اور ٹرکوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری کے 1101 یونٹ کے مقابلے میں 40 فیصد کم اور گزشتہ سال فروری کے 486 یونٹس کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ہینو کے 290، ماسٹر 1729، جے اے سی 434 اور ایسوزو کے 2ہزار 843 یونٹس بسوں اور ٹرکوں کی فروخت ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بالترتیب 3 فیصد، 125 فیصد، 281 فیصد اور 63 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ہینو کے 282 یونٹس،ماسٹر کے 769 یونٹس ، جے اے سی کے 114 یونٹس اور ایسوزو کے 1740 یونٹس بسوں اور ٹرکوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔








