ملک میں خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر ایک فیصد اضافہ جبکہ گیس کی پیداوار میں دو فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ واربنیادوں پر اضافہ، گیس کی پیداوار میں کمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):ملک میں خام تیل کی پیداوار میں ہفتہ وار بنیادوں پر ایک فیصد اضافہ جبکہ گیس کی پیداوار میں دو فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی پی آئی ایس اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق 16 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 68 ہزار 554 بیرل ریکارڈ کی گئی، جو پیوستہ ہفتے کی 67 ہزار 684 بیرل کی اوسط یومیہ پیداوار کے مقابلے میں ایک فیصد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ ہفتے کے دوران ملک میں گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 2 ہزار 934 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی، جو پیوستہ ہفتے کی 3 ہزار 8 ایم ایم سی ایف ڈی کی اوسط یومیہ پیداوار کے مقابلے میں دو فیصد کم ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 33 ہزار 947 بیرل، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی 12 ہزار 276 بیرل، ماری گیس کی ایک ہزار 830 بیرل جبکہ پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار 3 ہزار 975 بیرل ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح گزشتہ ہفتے کے دوران او جی ڈی سی ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 620 ایم ایم سی ایف ڈی، پی پی ایل کی 576 ایم ایم سی ایف ڈی، ماڑی گیس کی 829 ایم ایم سی ایف ڈی جبکہ پی او ایل کی گیس کی اوسط یومیہ پیداوار 58 ایم ایم سی ایف ڈی ریکارڈ کی گئی۔







