ملتان۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں دیرپا سیاسی استحکام،آئینی عملداری اور جمہوری تسلسل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو رات گئے پنجاب بار کونسل کے ملتان سے نو منتخب ممبران اور ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب وہ …
ملک میں دیرپا سیاسی استحکام،آئینی عملداری اور جمہوری تسلسل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
ملتان۔24نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں دیرپا سیاسی استحکام،آئینی عملداری اور جمہوری تسلسل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو رات گئے پنجاب بار کونسل کے ملتان سے نو منتخب ممبران اور ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم بنے تو اپنی ابتدائی تقریر میں انہوں نے عدلیہ کی بحالی ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے کی تھی جو جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کا حصہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں طے شدہ نکات کے مطابق ایک آئینی عدالت کے قیام پر بھی اتفاق ہوا تھا ،اسی تسلسل میں 27ویں آئینی ترمیم غیر آئینی طریقوں سے صدر یا وزیراعظم کو ہٹانے کے دروازے بند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں اور وزرائے اعظم کو غیر ضروری طور پر ہٹایا جاتا رہا جسے آئینی ترامیم کے ذریعے روکنا وقت کی ضرورت ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اردگرد ایسٹرن اور ویسٹرن بارڈرز پر سکیورٹی چیلنجز موجود ہیں،بھارت کی پراکسی وار اور افغانستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں نے خطے میں عدم استحکام کو بڑھایا جبکہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہاکہ حالیہ پاکستان میں منعقدہ بین الپارلیمانی سیکرز کانفرنس جس میں 40 سے زائد ممالک کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرز، سابق صدور اور مختلف ممالک کے سابق وزرا نے شرکت کی،دنیا بھر کے پارلیمنٹرینز نے دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور پاکستان کے کردار کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کے روز اسلام آباد میں دھماکے کے نتیجے میں 12قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ دنیا کے لئے بڑا پیغام تھا کہ دہشت گردی پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی اس وقت تک مؤثر نہیں ہوسکتی جب تک اس پر عملدرآمد نہ ہو،حکومت اور اپوزیشن دونوں کا کردار اہم ہے۔ تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے اپنی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیلانی لا کالج کے قیام اور گیلانی سکالر شپ کے ذریعے 100طلبا میں ایک ارب روپے تقسیم کئے گئے،سکالر شپ حاصل کرنے والوں میں سے کئی طلبا تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور گیلانی لا کالج میں پی ایچ ڈی پروگرامز بھی جاری ہیں۔
اس دوران چیئرمین سینیٹ نے پنجاب بار کونسل آمد کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ بار قانون کی حکمرانی کے لئے ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع پر پنجاب بار کونسل کے نو منتخب ممبران خواجہ قیصر بٹ،چوہدری محمد سعید،مالک خان لنگا سمیت ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر محمد اظہر خان مغل،جنرل سیکرٹری صفدر حسین سرسانہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان جاوید علی ڈوگر،جنرل سیکرٹری ملک عدنان احمد اور چوہدری داؤد احمد و ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے دیگر ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔








