ملتان۔ 24 نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر پاکستان وچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں دیرپا سیاسی استحکام،آئینی عملداری اورجمہوری تسلسل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو رات گئے یہاں پنجاب بار کونسل کے ملتان سے نو منتخب ممبران اور ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا …
ملک میں دیرپا سیاسی استحکام،آئینی عملداری اورجمہوری تسلسل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں،یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
ملتان۔ 24 نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر پاکستان وچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں دیرپا سیاسی استحکام،آئینی عملداری اورجمہوری تسلسل ہی قومی ترقی کی بنیاد ہیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو رات گئے یہاں پنجاب بار کونسل کے ملتان سے نو منتخب ممبران اور ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم بنے تو اپنی ابتدائی تقریر میں انہوں نے عدلیہ کی بحالی ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے کی تھی، جو جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کا حصہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں طے شدہ نکات کے مطابق ایک آئینی عدالت کے قیام پر بھی اتفاق ہوا تھا،اسی تسلسل میں 27ویں آئینی ترمیم غیر آئینی طریقوں سے صدر یا وزیراعظم کو ہٹانے کے دروازے بند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں اور وزرائے اعظم کو غیر ضروری طور پر ہٹایا جاتا رہا، جسے آئینی ترامیم کے ذریعے روکنا وقت کی ضرورت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے دہشتگردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اردگرد ایسٹرن اور ویسٹرن بارڈرز پر سیکورٹی چیلنجز موجود ہیں،بھارت کی پراکسی وار اور افغانستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں نے خطے میں عدم استحکام کو بڑھایاجبکہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہاکہ حالیہ انٹرنیشنل کانفرنس میں انہیں چیئرمین / اسپیکر کے طور پر نامزد کیا گیا، جس میں 40 سے زائد ممالک کے اسپیکرز، ڈپٹی اسپیکرز، سابق صدور اور مختلف ممالک کے سابق وزراء نے شرکت کی،دنیا بھر کے پارلیمنٹرینز نے دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور پاکستان کے کردار کو سراہا۔
چئیرمین سینٹ سیدیوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کے روز اسلام آباد میں دھماکے کے نتیجے میں بارہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ دنیا کے لیے بڑا پیغام تھا کہ دہشت گردی پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی اس وقت تک مؤثر نہیں ہوسکتی جب تک اس پر عمل درآمد نہ ہو،حکومت اوراپوزیشن دونوں کا کردار اہم ہے۔تعلیم کے شعبے میں بہتری کیلئے اپنی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیلانی لاء کالج کے قیام اور گیلانی اسکالر شپ کے ذریعے 100طلباء میں ایک ارب روپے تقسیم کیے گئے،سکالر شپ حاصل کرنے والوں میں سے کئی طلباء تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور گیلانی لا کالج میں پی ایچ ڈی پروگرامز بھی جاری ہیں۔
اس دوران قائم مقام صدر پاکستان وچیئرمین سینیٹ نے پنجاب بار کونسل آمد کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ بار قانون کی حکمرانی کے لیے ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع پر پنجاب بار کونسل کے نو منتخب ممبران خواجہ قیصر بٹ،چودھری محمد سعید،مالک خان لنگا سمیت ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر محمد اظہر خان مغل،جنرل سیکرٹری صفدر حسین سرسانہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان جاوید علی ڈوگر،جنرل سیکرٹری ملک عدنان احمد اور چودھری داؤد احمد و ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے دیگر ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔








